Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / اینڈرسن کی طوفانی بیٹنگ ، بنگلہ دیش کیخلاف نیوزی لینڈ کی جیت

اینڈرسن کی طوفانی بیٹنگ ، بنگلہ دیش کیخلاف نیوزی لینڈ کی جیت

میزبانوں نے ٹی ۔ 20 سیریز پر بھی قبضہ کرلیا ، ولیمسن اور اینڈرسن کی مثالی رفاقت ، 124 رن کا اضافہ

ماؤنٹ ماؤنگنوئی (نیوزی لینڈ) /8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کور ی اینڈرسن نے صرف 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 94 رن بناتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بنگلہ دیش کے خلاف بے اوول پر آج کھیلے گئے تیسرے ٹی ۔ 20 میچ میں 27 رن سے کامیابی دلائی جس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے سیریز بھی جیت لی ۔ اینڈرسن نے کین ولیمسن (60) کے ساتھ چوتھے وکٹ کی رفاقت میں اپنی ٹیم کے لئے 124 رن کا اضافہ کیا ۔ انڈرسن نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چھکے لگائے اور اس طرح نیوزی لینڈ کے اسکور کو چار وکٹ کے نقصان سے 124 رن پر پہونچادیا ۔جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورس میں چھ وکٹ کے نقصان سے 167 رن بناسکی ۔ تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے بنگلہ دیش کی ٹیم کے اسکور کو 44 رن کے مجموعی اسکور پر پہونچایا اور پانچویں اوور میں تمیم 24 رن کے اسکور پر آوٹ ہوگئے ۔ 10 اوورس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کا اسکور دو وکٹس کے نقصان سے 89 رن تھا ۔ سومیا سرکار 42 رن کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے اور ان کی ٹیم مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہیں رکھ سکی ۔ اس کے باوجود مہمانوں کو کامیابی کے لئے درکار مشکل ہدف تک پہونچنے کا کچھ امکان تھا ۔ 14 ویں  اوور کے بعد بنگلہ دیش کا اسکور تین وکٹ کے نقصان سے 120 تک پہونچ گیا تھا ۔ لیکن اسپنر ایس سودھی نے ایک انتہائی سخت اوور ڈالا جس میں انہوں نے تین رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا ۔ جس کے ساتھ ہی رن ریٹ ناقابل رسائی 14.44 تک پہونچ گیا ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن نے کہا کہ کامیابی کیلئے حالات اتنے آسان نہیں تھے جیسے اسکور بورڈ پر نظر آرہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ کوری نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ان حالات میں ایسا کھیلنا آسان نہیں تھا ۔لیکن میئں نہیں سمجھتا کہ یہ کوری کے لئے زیادہ مشکل تھا ‘‘ ۔

ولیمسن نے کہا کہ کوری اینڈرسن نے بہترین شاٹس لگاتے ہوئے نیوزی لینڈ کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتداء میں کمزور رہی ۔ 11 گیندوں میں اس کے تین بیٹسمین آوٹ ہوچکے تھے ۔ جب اس کا اسکور 41 رن تھا ۔ بعد ازاں اینڈرسن اور ولیمسن نے چند اوورس کا سامنا کرتے ہوئے کھیل کو سنبھال لیا ۔ جب ان کی ٹیم کا اسکور محض 55 رن تھا ۔ اننگیز کے دوسرے نصف میں نیوزی لینڈ کا موقف مستحکم ہوگیا ۔ جب اس کے اسکور میں 139 رن کا اضافہ ہوا ۔ ان دونوں نے نیوزی لینڈ کیلئے چوتھے وکٹ کی رفاقت میں 124 رن بنانے کا ایک ریکارڈ بھی قائم کیا ۔ دو دن قبل کھیلے گئے دوسرے میچ میں کولن موندو اور شام بروسس نے ان دونوں سے ایک رن کم یعنی 123 رن اسکور کیا تھا ۔ اینڈرسن نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں میں 94 رن بنایا اور ولیمسن نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ساتویں ٹی ۔ 20 سنچری مکمل کی ۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضی زیادہ خوش قسمت ثابت نہیں ہوئے کیونکہ ان کی دو گیندوں پر ولیمسن کے دو کیچ چھوٹ گئے جب ان کا اسکور 53 اور 58 رن تھا ۔ چوتھے اوور میں مشرف زخمی ہوئے ۔ جس کے ساتھ ہی ان کی ٹیم کیلئے مصیبتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ باقاعدہ اوپنر عمر القیس بھی فیلڈ پر زخمی ہوگئے ۔ روبل حسین بنگلہ دیش کے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہیں 31 رن کے عوض تین وکٹس حاصل ہوئے ۔

TOPPOPULARRECENT