Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اینڈی مرّے نمبر 1 پوزیشن سے ایک جیت دور

اینڈی مرّے نمبر 1 پوزیشن سے ایک جیت دور

پیرس ، 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اینڈی مرّے پہلی مرتبہ دنیا کے ٹاپ رینک والے کھلاڑی بننے سے محض ایک جیت کی دوری تک پہنچ گئے ہیں جبکہ انھوں نے تھامس برڈیچ کو پیرس ماسٹرز کوارٹر فائنلز میں شکست دے دی۔ قبل ازیں مارین سیلچ نے جدوجہد سے دوچار نواک جوکویچ کو خارج کرتے ہوئے اینڈی کی راہ آسان کردی کہ سربیائی اسٹار کو ٹاپ پوزیشن سے بے دخل کرسکیں۔ تاہم اینڈی کو تقریباً دو گھنٹے کے میچ میں غیرمعمولی اوپننگ ٹائی بریک میں سات سٹ پوائنٹس بچانے پر مجبور ہونا پڑا، جس کے بعد وہ 7-6(11/9)، 7-5 سے کامیاب ہوئے۔ دوسرے سٹ میں اینڈی نے کافی بہتر کھیلا اور وہ غلطیاں نہیں دہرائیں جو پہلے سٹ میں سرزد ہوئیں۔ برطانوی اسٹار سیمی فائنلز میں میلوس راؤنچ سے مسابقت کریں گے اور انھیں بخوبی پتہ ہوگا کہ جیت کی صورت میں وہ جوکویچ سے آگے بڑھ جائیں گے، جو عالمی درجہ بندی میں 122 ہفتوں سے سرفہرست رہے ہیں۔ دوسری طرف مارین سیلچ نے جنھیں جوکویچ کے مقابل گزشتہ تمام 14 مقابلوں میں شکست ہوئی تھی، عالمی نمبر 1 حریف کو 6-4، 7-6(7/2) سے ہرایا۔ 29 سالہ جوکویچ نے میچ کے بعد مارین کی کھل کر تعریف کی۔ اور کہا کہ وہ آج بلاشبہ بہتر کھیلے اور انھیں مستحقہ جیت ملی۔ نویں سیڈ سیلچ نے لندن میں منعقد شدنی ٹور فائنلز کیلئے جمعرات کو کوالیفائی ہوکر بلند حوصلہ کے ساتھ میدان سنبھالا تھا۔

TOPPOPULARRECENT