Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / این آر آئی قتل کیس :قطر فوجی ملازم کو ہندوستان لانے کی کوشش

این آر آئی قتل کیس :قطر فوجی ملازم کو ہندوستان لانے کی کوشش

حیدرآباد ۔ /12 فبروری (سیاست نیوز) فلک نما میں پیش آئے این آر آئی بینک ملازم کے قتل کیس میں ملوث قطر فوجی ملازم کو ہندوستان واپس لانے کیلئے ساؤتھ زون پولیس سرگرم ہوگئی ہے ۔ سعید بن ثابت برعبود جس نے مبینہ طور پر ابوظہبی کے این آر آئی سید عمران کا ہاشم آباد چندرائن گٹہ میں اپنے بھائی ، بیوی اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے بہیمانہ طور پر قتل کرکے نعش کو زیرتعمیر مکان میں دفن کردیا تھا ۔ /4 فبروری کو سید عمران رئیتو بازار فلک نما سے ایک خاتون کے ہمراہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں عمران کی والدہ سیدہ افشاں نے پولیس میں ایک شکایت درج کروائی تھی ۔ گمشدگی کی تحقیقات کے دوران پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ سید عمران کا قتل کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سیف بن ثابت بارعبود اور اس کے ساتھی ہاشم علی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے ایک خاتون فاطمہ بیگم اور اس کی نند سے ناجائز تعلقات تھے ۔ فاطمہ کا شوہر سعید برعبود کو اس بات کا پتہ چلنے پر اس نے اپنے بھائی سیف ، اپنی بیوی اور ہاشم علی کی مدد سے عمران کو فلک نما سے اغواء کراکے جمال بنڈہ علاقہ میں واقع ایک مکان میں گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا اور بعد ازاں اپنے ایک زیرتعمیر مکان میں اس کی خبر بنادی تھی ۔ پولیس نے سیف کی نشاندہی پر مقتول کی نعش کو مقام واردات سے برآمد کیا تھا اور ملزم کی تفتیش میں یہ معلوم ہوا کہ سعید قتل کے فوری بعد قطر فرار ہوگیا تھا جہاں پر وہ فوج میں ملازمت کررہا تھا ۔ ساؤتھ زون پولیس سعید کو ملک واپس لانے کیلئے انٹرپول اور مرکزی وزارت خارجہ کے ذریعہ اس کی واپس حوالگی کیلئے کارروائی میں شدت پیدا کردی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر محمد تاج الدین احمد نے بتایا کہ سعید کو ملک واپس لانے کیلئے کوششوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور اس کی بیوی فاطمہ کو گرفتار کرنے کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیف برعبود کو کل مزید تحقیقات کیلئے پولیس تحویل میں لے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT