Tuesday , August 22 2017
Home / دنیا / این ایس جی کیلئے ہندوستانی مساعی میں چینی رکاوٹ

این ایس جی کیلئے ہندوستانی مساعی میں چینی رکاوٹ

رکنیت کے مسئلہ کو پاکستان سے مربوط کرنے بیجنگ کی کوشش
بیجنگ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوکلیر سپلائرس گروپ (این ایس جی) میں رکنیت کے لئے ہندوستان کی کوششوں پر چین نے اپنی مخالفت سے باز نہ آنے کا واضح اشارہ دیتے ہوئے اس مسئلہ پر ہندوستان کی مساعی کے ضمن میں مجہول و غیر واضح بیانات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کو اس مسئلہ پر پھر ایک مرتبہ مربوط کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ 48 رکنی این ایس جی ، ان دونوں ممالک کی رکنیت کے لئے تین مرحلوں میں غیر سرکاری تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ این ایس جی میں رکنیت کے لئے چین نے نیوکلیر اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے معاملہ میں ہندوستان کیلئے بھی پاکستان کی طرح بالکل شفاف اور بلا نقص ریکارڈ کی شرط پر اصرار کیا ہے۔ تاہم بیجنگ نے کہاکہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں کل سے شروع ہونے والے دو روزہ این ایس جی اجلاس عام میں ان دونوں ملکوں (ہندوستان اور پاکستان) کا موضوع ایجنڈہ میں شامل نہیں ہے۔ ہندوستانی معتمد خارجہ ایس جئے شنکر بھی سیول میں رہیں گے لیکن اجلاس کے دوران کسی اہم پیشرفت کی توقع نہیں ہے۔ پاکستان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اُس نے این ایس جی میں شمولیت کے لئے ہندوستانی کوشش کو کامیابی کے ساتھ روک دیا ہے۔ اس دوران چین اس مسئلہ پر دونوں ملکوں کو مربوط کررہا ہے۔ اس عمل کو دراصل این ایس جی میں ہندوستان کے داخلے کو روکنے کا ایک حربہ سمجھا جارہا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچن ینگ نے این ایس جی ارکان کے مابین اس مسئلہ پر اختلافات کو اُجاگر کیا اور کہاکہ فریقین ہنوز اس مسئلہ پر دو بدو بات چیت نہیں کئے ہیں۔ ہواچن ینگ نے کہاکہ جہاں تک بیجنگ کا تعلق ہے وہ ان مذاکرات میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT