Sunday , October 22 2017
Home / سیاسیات / این ڈی اے حکومت میں رواداری کا فقدان : پوار

این ڈی اے حکومت میں رواداری کا فقدان : پوار

مہاراشٹرا میں اتحاد ٹوٹنے کا امکان نہیں ، حکومت نے کاشتکاروں اور طلباء کی مدد نہیں کی
ممبئی ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شردپوار نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا دادری سانحہ کے بارے میں بیان انتہائی تاخیر سے کیا گیا ہے۔ ان کی حکومت میں ’’رواداری‘‘ کا فقدان ہے۔ دادری سانحہ پر خاموشی اور پاکستانی غزل گلوکار غلام علی کے ممبئی میں پروگرام کی تنسیخ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ایک انٹرویو دیا جس میں ان واقعات کو بدبختانہ قرار دیا گیا۔ تاہم صدر این سی پی نے اس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان بہت تاخیر سے دیا گیا ہے۔ مودی اس طرح واقعات کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ اتنی تاخیر سے بیان پر کوئی فائدہ کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے مہاراشٹرا میں بی جے پی زیرقیادت حکومت کو دوبارہ تائید فراہم کرنے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقل اختلافات اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کے باوجود شیوسینا اور بی جے پی حکومت میں برقرار رہیں گے۔ اس اتحاد کے ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قبل ازیں بی جے پی زیرقیادت حکومت کو تائید کا پیشکش صرف اس لئے کیا تھا تاکہ مہاراشٹرا میں ایک مستحکم اور پائیدار حکومت قائم ہوسکے۔ تاہم شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد کے ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تاہم اس صورت میں بھی وہ دوبارہ بی جے پی زیرقیادت حکومت کو تائید فراہم نہیں کریں گے کیونکہ این ڈی اے حکومت میں رواداری کا فقدان ہے۔ انہوں نے حکومت مہاراشٹرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت میں اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ طلبہ اور قحط زدہ علاقوں کو مالی امداد کا تیقن دیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے دونوں برادریوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT