Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / این ڈی اے حکومت میں فرقہ پرست جماعتوں کے حوصلے بلند

این ڈی اے حکومت میں فرقہ پرست جماعتوں کے حوصلے بلند

راہول گاندھی میں حب الوطنی کا جذبہ ، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ حب الوطنی کا خون راہول گاندھی کی رگوں میں دوڑ رہا ہے ۔ آر ایس ایس اپنے نظریات زبردستی عوام پر تھوپتے ہوئے ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ان کے نظریات سے اختلاف کرنے والوں کو ملک دشمن ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے اور نریندر مودی کے وزیر اعظم بن جانے کے بعد آر ایس ایس ، وشوا ہندوپریشد ، بجرنگ دل ، شیوسینا کے علاوہ دوسری فرقہ پرست تنظیموں کے ناپاک عزائم بلند ہوگئے اور مختلف طریقوں سے ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہونچانے اور ملک کو ہندو راشٹرا بنانے کی سازش پر عمل کیا جارہا ہے ۔ مرکزی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوتوا طاقتیں سرگرم ہوگئی ہیں ۔ کبھی لو جہاد ، کبھی گھر واپسی ، کبھی بیف تنازعہ ، کبھی دستور ہند میں ترمیم کے علاوہ دوسرے مسائل کو موضوع بحث بناتے ہوئے ملک میں امن و امان کو نقصان پہونچایا جارہا ہے ۔ ڈر و خوف کا ماحول پیدا کرتے ہوئے غیر یقینی صورتحال پیدا کی جارہی ہے ۔ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو وزیر اعظم اور بی جے پی کی مکمل سرپرستی حاصل ہے ۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں آر ایس ایس لابی سرگرم ہے اور اپنے نظریات کو زبردستی طلبہ پر تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ان نظریات سے اختلافات کرنے والے طلبہ کا قتل کیا جارہا ہے ۔ یا ان پر ملک سے غداری کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر مسٹر جی کشن ریڈی کی جانب سے راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی جانب سے منظم کی جانے والی شوبھا یاترا کو ہندوتوا یاترا قرار دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT