Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / این ڈی اے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج

این ڈی اے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج

وزیر اعظم نریندر مودی کی کانگریس کے خلاف انتقامی کارروائی پر /19 دسمبر کو دھرنا
حیدرآباد /15 دسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے این ڈی اے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی کانگریس کے خلاف انتقامی کارروائی پر 19 دسمبر کو تلنگانہ کو تمام اسمبلی حلقہ جات میں احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں سکریٹری انچارج اے آئی سی سی تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوام دشمن پالیسی پر عمل کرتے ہوئے غریب عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اور اقتدار کا ناجائز فائدہ اٹھاکر نریندر مودی کانگریس کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہے ہیں، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت اور مرکزی حکومت کے خلاف 19 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاجی ریلی اور دھرنے منظم کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں، نوجوانوں اور طلبہ کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور حکومت سے سوال کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے انھیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹرس کی بے قاعدگیاں اور مرکزی وزیر سشما سوراج کی بدعنوانیاں منظر عام پر آنے کے بعد بھی ان کے خلاف سی بی آئی تحقیقات نہیں کروائی گئیں، جب کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کروائی جا رہی ہیں۔ انھوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ انھوں نے 19 دسمبر کو کانگریس قائدین و کارکنوں کے علاوہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے دھرنے میں شامل ہوکر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔

TOPPOPULARRECENT