Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کو ٹی آر ایس کی تائید

این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کو ٹی آر ایس کی تائید

وزیر اعظم نریندر مودی نے کے سی آر سے فون پر بات کی ۔ کے ٹی آر اور کے کویتا کی ٹوئیٹر پر توثیق
حیدرآباد۔19 جون (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے لیے ٹی آر ایس کی تائید حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو کو فون پر این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کے بارے میں واقف کرایا اور ٹی آر ایس کی جانب سے تائید کی خواہش کی۔ کے سی آر نے صدارتی عہدے کے لیے این ڈی اے امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم کو اس فیصلے سے واقف کرایا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو اور رکن پارلیمنٹ کویتا نے ٹوئٹر پر ٹی آر ایس کی جانب سے این ڈی اے صدارتی امیدوار کی تائید کی توثیق کی ہے۔ کے ٹی آر نے لکھا کہ وزیراعظم نے چیف منسٹر کے سی آر سے فون پر بات کی۔ انہوں نے کے سی آر کو بتایا کہ این ڈی اے نے ایک دلت قائد کو صدارتی امیدوار منتخب کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کی تجویز کے مطابق ایک دلت قائد کو منتخب کیا گیا اور اس کی میں پہلے اطلاع آپ کو دے رہا ہوں۔ وزیراعظم نے صدارتی امیدوار کے لیے ٹی آر ایس کی تائید کی اپیل کی جس پر چیف منسٹر نے فوری سینئر قائدین کے ساتھ مشاورت کی اور ایک دلت قائد کو صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز کرنے اور وزیراعظم کی اپیل کے مطابق رام ناتھ کووند کی تائید کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو، چیف منسٹر تاملناڈو پنینی سلوم اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار سے فون پر بات کرتے ہوئے صدارتی امیدوار کے نام سے واقف کروایا۔ رکن پارلیمنٹ کویتا میں اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم سے بات چیت کے بعد کے سی آر نے پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کی جس میں صدارتی عہدے کے لیے دلت قائد کی امیدواری کی تائید کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی دوران کے ٹی آر جو دہلی کے دورے پر ہیں، میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رام ناتھ کووند کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت طبقے سے تعلق رکھنے والی شخصیت کا صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہونا ملک کے لیے خوش آئند ہے۔ لہٰذا چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش میں برسر اقتدار تلگودیشم اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے بھی پہلے ہی این ڈی اے امیدوار کی تائید کا اشارہ دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT