Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / ایودھیا میں بجرنگ دل کیڈر کو رائفلس اور تلواروں کیساتھ ٹریننگ

ایودھیا میں بجرنگ دل کیڈر کو رائفلس اور تلواروں کیساتھ ٹریننگ

فرضی مشق میں مسلمانوں کو ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا ، گورنر یوپی کا دفاع
ایودھیا ؍ علیگڑھ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دائیں بازو کی تنظیم بجرنگ دل نے اپنے زعفرانی کیڈر کو ہتھیاروں کی ٹریننگ فراہم کرنے کے مقصد سے ایودھیا میں ’’اپنا دفاع آپ‘‘ کیمپ منعقد کیا جس کی گورنر اترپردیش رام نائیک نے عملاً مدافعت کی۔ انہوں نے میڈیا کے اس بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلحہ کی یہ تربیت خود کے دفاع کے مقصد کیلئے ہے۔ اس تعلق سے کسی بھی گوشہ سے کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ اس کا مقصد کیا ہے۔ رام نائیک آج اتراولی میں سرسوتی ودیا مندر اسکول کی سالانہ تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ سوشیل میڈیا اور نیوز چیانلس پر کیمپ کی تصاویر و ویڈیوز تیزی سے پھیل گئی جن میں زعفرانی کیڈر کو رائفلس، تلواریں اور لاٹھیوں کے ساتھ دکھایا گیا۔ ایک ویڈیو میں فرضی مشق کے دوران کیڈر کو مسلمانوں کا لباس پہنے افراد کو ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ یہ کیمپس بجرنگ دل کے زیرانتظام چند اسکول میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ رام نائیک نے اسلحہ کی تربیت کے ان کیمپ کے بارے میں اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جو خود کا دفاع نہیں کرسکتے وہ ملک کا بھی دفاع نہیں کرسکتے اور اگر چند نوجوانوں کو اسلحہ کی ٹریننگ صرف اور صرف خود کا دفاع کرنے کے مقصد سے دی جارہی ہے تو اس میں کوئی غلط نہیں ہے۔ بجرنگ دل کا یہ موقف ہے کہ مارشل آرٹس اور ہتھیاروں کی ٹریننگ ضروری ہے کیونکہ ہندو طبقہ کو مبینہ طور پر جن خطرات کا سامنا ہے، اس تعلق سے پولیس اور سیاست دانوں پر اکتفا نہیں کیا جاسکتا۔ بجرنگ دل کے ذرائع نے بتایا کہ سالانہ سیلف ڈیفنس کیمپ ایودھیا میں منعقد کیا گیا اور اب سلطان پور، گورکھپور، پیلی بھیت، نوئیڈا اور فتح پور میں منعقد ہوں گے۔ بجرنگ دل کو مذہبی اقلیتوں کے خلاف فسادات اور تشدد کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس تنظیم پر گاؤ تحفظ کے لئے خود اپنے پروگرامس چلانے کا الزام ہے۔ اس دوران کانگریس لیڈر شوبھا اوزا نے ایسے پروگرام کی مذمت کی اور این ڈی اے حکومت پر اس طرح کی سرگرمیوں پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ جب بھی انتخابات قریب آتے ہیں بی جے پی اس طرح کی سرگرمیاں شروع کردیتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT