Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / ایودھیا میں پتھر سے لدے ٹرکس پہنچنے کی اطلاع

ایودھیا میں پتھر سے لدے ٹرکس پہنچنے کی اطلاع

یو پی حکومت نے انٹلیجنس رپورٹ طلب کرلی ‘ صرف سیاسی سرگرمی : ظفر یاب جیلانی
لکھنو۔21ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اترپردیش نے ایودھیا میں پتھروں سے لدے دو ٹرکس کے پہنچنے کے بارے میں انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ کی رازدارانہ رپورٹ طلب کی ہے ۔ وی ایچ پی نے چھ ماہ قبل رام مندر کی تعمیر کیلئے ملک گیر سطح پر مہم شروع کرنے اور پتھر جمع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انسپکٹر جنرل ( لاء اینڈ آرڈر) اے ستیش گنیش نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ایودھیا میں جاری سرگرمیوں کے سلسلہ میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( انٹلیجنس) سے رپورٹ طلب کی ہے ۔  وی ایچ پی کے ترجمان شرد شرما نے کل کہا تھا کہ پتھر کے دو ٹرکس رام سیوک پورم میں لائے جاچکے ہیں ۔ یہ ایودھیا میں وی ایچ پی کی جائیداد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام جنم بھومی نیاس کے صدر مہنت نرتیا گوپال داس کی جانب سے ’’ شیلاپوجا ‘‘ کی جارہی ہے ۔ رام جنم بھوٹی ٹرسٹ کے مہنت نے کہا تھا کہ یہ مودی حکومت کا اشارہ ہے کہ مندر کی تعمیر اب شروع ہوگی ۔ پولیس نے بتایا کہ وہ ایودھیا میں ہر لمحہ ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس فیض آباد موہت گپتا کے مطابق یہاں پتھر پہنچ چکے ہیں اور انہیں خانگی مقامات پر رکھا جارہا ہے ۔ اس وجہ سے اگر فرقہ وارانہ ہم آہنگی یا امن میں رخنہ اندازی کا اندیشہ ہو تو پھر ہم یقیناً کارروائی کریں گے ۔ وشواہندو پریشد نے رام مندر کی تعمیر کا جون میں اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ  مندر کی تعمیر کیلئے ملک بھر سے پتھر جمع کرنے کی مہم شروع کی جائے گی اور مسلم طبقہ سے خواہش کی تھی کہ وہ کوئی رکاوٹ نہ بنیں۔ اس دوران کنوینر بابری مسجد ایکشن کمیٹی ظفریاب جیلانی نے رام مندر کی تعمیر کیلئے ایودھیا میں پتھر کی پہلی کھیپ پہنچنے کی اطلاع پر کہا کہ یہ صرف سیاسی سرگرمی ہے اور مذہبی اُمور سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تراشیدہ پتھر کی راجستھان منتقلی بھی کوئی اہم مسئلہ نہیں ہے کیونکہ یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیردوراں ہے اور اس سرگرمی کا مقصد صرف اس علاقہ 10تا 15فیصد رائے دہندگان کو پیام پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو مطمئن کرنے اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے یہ سرگرمیاں انجام دی جارہی ہے ۔ یہ صرف سیاسی سرگرمی ہے اور مذہبی سرگرمی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وی ایچ پی 2017ء انتخابات کیلئے فرقہ وارانہ عدم ہم آہنگی کا ماحول تیار کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل کریں گے ۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوات نے قبل ازیں کولکتہ میں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کی زندگی میں رام مندر تعمیر ہو ۔ آر ایس ایس سربراہ نے ٹوئیٹ کیاتھا کہ ہندوستان ایک مذہبی اور تہذیبی دولت سے مالا مال ملک ہے ‘ رام ہمارے آئیڈیل ہیں جنہیں کوئی بھگوان اور کوئی عظیم ہستی تصور کرتا ہے ۔ سماج کو چاہیئے کہ وہ ایک بڑے رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرے ۔ مرکزی وزیر اوما بھارتی نے کل کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو اس مسئلہ کی فریقین کے درمیان بات چیت کے ذریعہ  بیرون عدالت یکسوئی کی کوشش کرنی چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT