Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ایچ سی اے صدارت کیلئے اظہرالدین کی نامزدگی داخل

ایچ سی اے صدارت کیلئے اظہرالدین کی نامزدگی داخل

حیدرآباد ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہرالدین نے آج صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے عہدہ کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے جبکہ موجودہ صدر ارشد ایوب لودھا کمیٹی اصلاحات کے بارے میں سپریم کورٹ فیصلہ کے پیش نظر اس عہدہ کو چھوڑ چکے ہیں۔ اظہرالدین طویل مدت تک ہندوستان کے کپتان رہے اور انھیں متواتر تین ورلڈ کپ ایونٹس (1992ء، 1996ء، 1999ء) میں ٹیم انڈیا کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے۔ اظہر الدین نے اپنی نامزدگی داخل کرنے کے بعد کہا: ’’حیدرآباد کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ کرکٹ پر توجہ مرکوز نہیں کی جارہی ہے۔ ہم رانجی میں دوسری آخری پوزیشن پر ہیں۔ میرا ارادہ بس یہی ہے کہ حیدرآباد کرکٹ کو فروغ دیا جائے ۔ میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ ہم ایچ سی اے کو کسی کی مرضی کے مطابق نہیں چلاسکتے۔ میں کرکٹ کو ڈسٹرکٹ لیول پر بہتر بنانا چاہتا ہوں کیونکہ کئی محنتی کھلاڑیوں کا تعلق اضلاع ہی سے ہے۔‘‘ ایچ سی اے سکریٹری جان منوج نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ’’ہاں، مجھے اطلاع ملی ہے کہ اظہرالدین اپنے حامیوں کے ساتھ آئے اور ایچ سی اے انتخاباتا کیلئے نامزدگی داخل کئے ہیں۔ انھیں ایک تحت کی عدالت کے حکمنامہ کے مطابق الیکشن لڑنے کی اجازت حاصل ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT