Thursday , October 19 2017
Home / دنیا / ایکواڈور زلزلہ: ہلاکتیں 410 سے زیادہ، مزید اضافے کا خدشہ

ایکواڈور زلزلہ: ہلاکتیں 410 سے زیادہ، مزید اضافے کا خدشہ

پیڈرنیلس ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لاطینی امریکہ کے ملک ایکواڈور کے حکام کے مطابق ملک میں ہفتہ کی شام آئے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 413 ہوگئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ریختر پیما پر اس زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس سے ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسے ایکواڈور کی حالیہ تاریخ کا بدترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے اور ملک کے صدر رافیئل کوریا نے کہا ہے کہ یہ گذشتہ سات دہائیوں میں ملک پر ٹوٹنے والی سب سے بڑی آفت ہے۔ متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کی تعمیرِ نو اور متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر درکار ہیں۔ زلزلے سے ملک کے شمال مغربی ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں جبکہ سڑکیں اور بجلی کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے مقامی کارکنوں کے علاوہ جنوبی امریکہ کے دیگر ممالک سے بھی ٹیمیں ایکواڈور پہنچی ہیں۔ حکام کے مطابق اس وقت ساڑھے 13 ہزار سے زیادہ کارکن امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جن میں سے 400 غیر ملکی ہیں۔ امدادی کارکنوں نے مانتا نامی قصبے میں منہدم ہونے والے ایک ہوٹل کے ملنے سے چھ افراد کو زندہ نکالا ہے جن میں تین سال اور نو ماہ عمر کی دو بچیاں بھی شامل ہیں۔ ایکواڈور کے صدر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان میں تیزی آنے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔ ٹی وی پر قوم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ملبہ اٹھا رہے ہیں اور مجھے خدشہ ہے کہ ( ہلاک شدگان کی) تعداد بڑھے گی۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاں جہاں ملبے سے زندگی کے آثار مل رہے ہیں ان مقامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس زلزلے سے پورٹوویجو اور پیڈرنالیس نامی دو ساحلی قصبات سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور پیر کو پیڈرنالیس کے میئر گیبریئل الکیوار نے کہا ہے کہ ’پورا قصبہ‘ ہی ملیامیٹ ہوگیا ہے اور صرف اس قصبے میں ہلاکتیں 400 ہو سکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT