Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کو بدترین شکست ‘ جنوبی افریقہ نے سیریز جیت لی

ہندوستان کو بدترین شکست ‘ جنوبی افریقہ نے سیریز جیت لی

South Africa’s Faf du Plessis celebrates his hundred runs as captain A.B. de Villiers, right, watches during the final one-day international cricket match of a five-game series against India in Mumbai, India, Sunday, Oct. 25, 2015. (AP Photo/Rafiq Maqbool)

ڈی کاک ، ڈوپلیسس اور ڈی ویلیرس کی دھواں دار بیٹنگ، ہندوستانی سرزمین پر اعظم ترین اسکور کا ریکارڈ
ممبئی 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو پانچویں اور آخری ونڈے میں 214 رنوں سے بد ترین شکست دیتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز 3 – 2 سے جیت لی ۔ جنوبی افریقہ کے 438 رنوں کے جواب میں ہندوستانی ٹیم محض 224 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ سب سے زیادہ 87 رن اجنکیا رہانے نے بنائے جبکہ شکھر دھون نے 60 رن جوڑے  ۔ کپتان دھونی 27 رن بناسکے ۔ دوسرے تمام بلے باز ناکام رہے اور دباؤ میں بڑا اسکور نہیں کرسکے ۔ افریقہ نے یہ سیریز 3 – 2  سے جیت لی
ڈوپلیسس کی پہلی، ڈی کاک کی دوسری اور ڈی ولیئرس کی تیسری سنچری کی بدولت سائوتھ افریقہ نے اب تک کی پانچ میچس کی سیریز میں سب سے زیادہ اور ہندوستان میں اعظم ترین 438/4 کا اسکور کھڑا کیا۔ ان تینوں نے ہندوستانی بولرس کی جم کر پٹائی کی اور متواتر اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ جنوبی افریقہ کا یہ اسکور ہندوستانی سرزمین پر ایک اننگ میں اب تک اعظم ترین اور دنیا میں مشترکہ طور پر تیسرا اعظم ترین اسکور رہا۔ اس سے پہلے ہندوستانی سرزمین پر اعظم ترین اسکور 418/5 تھا جو ہندوستان نے 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اندور میں بنایا تھا۔ اس وقت وریندر سہواگ نے 219 رنز بنائے تھے۔ آج کا کھیل شروع سے ہی سائوتھ افریقہ کے قابو میں تھا اور پہلے 4 اوورس میں 33 رنز بنائے گئے جہاں ہاشم آملہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ تاہم 23 رنز کے اسکور پر ان کے آئوٹ ہونے کے بعد ڈی کاک نے تیزی سے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کردیا۔ یہاں تک کہ 6 اوورس میں نصف سنچری مکمل ہوگئی۔ کپتان دھونی نے 7 ویں اوور میں اسپنرس کو متعارف کیا اور ہربھجن سنگھ کسی قدر اسکور کی رفتار روکنے میں کامیاب رہے لیکن کچھ ہی دیر بعد کاک اور ڈو پلیسس نے مل کر اسکور کو پھر تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور 15 ویں اوور میں سنچری پوری کی۔

ایک مرحلہ پر جب کاک 58 پر تھے، امیت مشرا کی گیند پر مڈآف پر موہت شرما نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ یہ غلطی کافی مہنگی ثابت ہوئی جس کے بعد کاک نے رنز بنانے کی رفتار اور تیز کردی ۔انہوں نے 87 گیندوں میں 109 رنز بنائے۔ ایسے وقت جبکہ سائوتھ افریقہ کے دو تباہ کن بیٹسمین کریز پر تھے، دھونی نے سریش رائنااور ویراٹ کوہلی کو بولنگ کا موقع دیا جو اور زیادہ مہنگا ثابت ہوا۔ ایسے وقت جبکہ آخری 10 اوورس باقی تھے سائوتھ افریقہ کا اسکور 294/2 تک پہنچ گیا تھا۔ ڈوپلیسس نے اکشر پٹیل کے 43 ویں اوور میں 24 رنز بنائے اور وہ 115 گیندوں میں 133 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ڈی ویلیرس نے کریس پر پہنچتے ہی دھواں دار بیٹنگ شروع کی صرف 57 گیندوں میں اپنی سنچری پوری کی۔ انہوں نے جملہ 61 گیندوں میں 119 رنز بنائے اور بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی نے ان کا کیچ لیا۔ جنوبی افریقہ 400 کے اسکور تک پہنچ گئی اور اس کے بعد بھی بیٹسمین رنز بناتے رہے چنانچہ فرحان بہارالدین نے مشرا کی گیند پر لانگ آف پر شارٹ لگایا لیکن رائنا نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد فرحان بہار الدین (26) اور ڈیوڈ ملر (22 ) نے مجموعی اسکور کو 438 تک پہنچادیا۔ جنوبی افریقہ نے آخری 10 اوورس میں 144 رنز بنائے ۔ ایم ایم شرما 7 اوورس میں 84 رنز دے کر سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جبکہ بھونیشور کمار نے 10 اوورس میں 106 رنز دیئے۔ اسی طرح رائنا نے 3 اوورس میں 19 رنز اور ہربھجن سنگھ نے 10 اوورس میں 70 رنز دیئے اور فی کس ایک ایک وکٹس حاصل کی۔ اے آر پاٹل نے 8 اوورس میں 65 اور مشرا نے 10 اوورس میں 78 رنز دیئے۔

رانجی میچس
اونگول۔25اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش نے 4 رازہ رانجی مقابلہ میں آندھراپردیش کو آج 56 رنز سے ہرادیا اور گروپ B میں یہ اس کی پہلی کامیابی تھی۔ انکت راج پوت نے 5 وکٹس لیتے ہوئے 183 رنز کا تعاقب کررہی میزبان ٹیم کو 123 تک محدود کردیا۔
l     ناگپور میں گروپ A رانجی کرکٹ میچ میں فیض فضل (63 ) اور وسیم جعفر (71) کی 124 رنز کی افتتاحی پارٹنر شپ کی بدولت ودربھانے چوتھے اور آخری دن آسام کے خلاف 3 وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی۔
l     ہماچل پردیش نے دھرم شالہ میں کھیلے گئے گروپ C رانجی ٹرافی میچ میں پہلی اننگ کی سبقت کے بعد گوا کے خلاف 3 پوائنٹس حاصل کرلئے۔ گوا نے پہلے 367/6 بنائے جن میں اسنیہل کوتھنکر کی 101 رنز کی سنچری شامل ہے۔ ہماچل کو کامیابی کیلئے 316 رنز کا نشانہ تھا تاہم آج کا کھیل ختم ہونے تک وہ 125/2 رنز بناسکی اور میچ ڈرا ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT