Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا ایک اور ریکارڈ

ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا ایک اور ریکارڈ

 

لندن۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 کرکٹ میں انگلینڈ کاؤنٹی ورسسٹرشائر کے بیٹسمین روز وائٹلے نے ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا ایک اور ریکارڈ بنا لیا۔انگلینڈ کے نیشنل ٹوئنٹی20 کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنمنٹ ’نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ‘ کے ایک میچ میں ورسسٹرشائر کے کھلاڑی روز وائٹلے نے حریف ٹیم یورکشائر کے بولر کی درگت بنائی۔روز وائٹلے نے لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی دوسری اننگز کے سولہویں اوور میں یارک شائر کے نوجوان بولر کارل کارور کی لگاتار چھ گیندوں کو باؤنڈری کے باہر پہنچا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔میچ کی پہلی اننگز میں یورکشائر کے ڈیوڈ ویلی نے جوش ہیسٹنگ کے 17 ویں اوور میں 34 رنز اسکور کئے تھے۔ڈیوڈ ویلی نے شاندار سنچری اسکور کی اور 118 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلتے ہوئے ورسسٹر شائر کے لئے 234 رنز کا ہمالیائی اسکو کھڑا کردیا تھا جسے روز وائٹلے کی جارحانہ بیٹنگ بھی حاصل نہیں کر سکی۔کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے ویسٹ انڈیز کے عظیم سر گیری سوبرز نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے مارنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ 1968 کے سیزن میں سوان سی میں انگلش کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے دوران سر گیری سوبرز نے ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ہندوستانی آل راؤنڈر روی شاستری نے 1985 میں فرسٹ کلاس میچ کے دوران ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا۔بین الاقوامی کرکٹ کے ونڈے کرکٹ میں ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہرشل گبس کے نام ہے۔ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ورلڈکپ 2007 کے دوران جنوبی افریقی اوپنگ بیٹسمین ہرشل گبس نے ہالینڈ کے ڈین وین بنگے کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔جنوبی افریقہ میں 2007 ہی میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے افتتاحی ورلڈ کپ میں ہندوستانی آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کے خلاف ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

TOPPOPULARRECENT