Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / ایک دن صرف پیدل چلنے والوں کیلئے

ایک دن صرف پیدل چلنے والوں کیلئے

پیرس ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی حکام کی جانب سے دارالحکومت پیرس کی مشہور شاہراہ شانزے لیزے کو ٹریفک کے لیے ایک دن بند کرنے کے اقدام کا پیدل چلنے والوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ہزاروں افراد پر مشتمل ایک پرجوش ہجوم نے آٹھ رخی شاہراہ پر دوکانوں اور کیفے کے سامنے چہل قدمی کی۔ عام طور پر اس علاقے میں گاڑیوں، ٹرکوں اور موٹرسائیکلوں کی بھیڑ کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کے لیے جگہ نہیں ہوتی۔ پیرس میں کار فری ڈے یعنی گاڑیوں کے بغیر دن کا اہتمام ہر ماہ کی پہلی اتوار کو کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز پیرس کی میئر اینی ہیڈالگو نے کیا جس کا مقصد بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی میں کمی کرنا ہے۔ صرف راہ گیروں کے اس دن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور شہر کے رہائشی اور سیاح محرابِ فتح کی جانب جانے والی اس دو کلومیٹر طویل شاہراہ پر چہل قدمی سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ فرانس کے وزیر اعظم مینوئل ولس اور میئر اینی ہیڈالگو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس مشہور شاہراہ پر اسٹریٹ پرفامرز نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جسے بڑی تعداد میں وہاں موجود پیدل آنے والے لوگوں نے دیکھا۔ خیال رہے کہ اس قبل پیرس انتظامیہ فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے کئی اقدامات کر چکی ہے جن میں کرائے کی سائیکلیں، سائیکلنگ کے لیے راستے اور الیکٹرک گاڑیوں کا سفر شامل ہے۔

TOPPOPULARRECENT