Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / ایک دوسرے کی ٹانگ نہ کھینچیں بلکہ ایک دوسرے کے ہاتھ تھام لیں

ایک دوسرے کی ٹانگ نہ کھینچیں بلکہ ایک دوسرے کے ہاتھ تھام لیں

کیرالا کانگریس قائدین میں گروہ بندیوں پر راہول گاندھی کا مشورہ
تھروننتھا پورم۔ 10 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں گروہ بندیوں کا شکار کانگریس یونٹ کو واضح پیام دیتے ہوئے راہول گاندھی نے آج پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ اپنے داخلی اختلافات فراموش کردیں اور مجوزہ اسمبلی انتخابات کا متحدہ مقابلہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دیگر پارٹیوں میں یہ دم خم نہیں ہے کہ کانگریس کو شکست دے سکیں جبکہ کانگریسی قائدین ہی ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچے کر کانگریس کو شکست کی وجہ بن جاتے ہیں۔ کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ یہ وقت باہم متحدہ ہوجانے کا ہے نہ کہ آپس میں لڑنے جھگڑنے کا ہے۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی اندر کھوکھلی اور ناتوان ہوجائے گی۔ یہ توقع ظاہر کرتے ہوئے کہ ریاست میں یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ دوبارہ اقتدار میں آجائے گا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ سی پی ایم ہمیں (کانگریس) کو شکست نہیں دے سکتی بلکہ کانگریس ہی کانگریس پارٹی کو شکست دے گی۔

انہوں نے کہاکہ جب اسمبلی انتخابات میں ہماری جیت ہوجائے گی تو آپسی لڑائی جھگڑے کا خیرمقدم کیا جاسکتا ہے لیکن یہ وقت دست و گریباں ہونے کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے کا ہے ۔ مذکورہ ا جلاس میں پارٹی قائدین نے راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ مغربی بنگال میں سی پی ایم کے ساتھ کوئی مفاہمت نہ کی جائے اور کہا کہ لیفٹ پارٹی ناقابل بھروسہ ہے اور سی پی ایم پرتشدد کی سیاست پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔ تاہم راہول گاندھی نے اپنی تقریر میں اس مسئلہ کو نہیں چھیڑا اور پارٹی قائدین اور کارکنوں کو یہ واضح اشارہ دیا کہ باہمی خلفشار کو ختم اور ایک دو سرے کی ٹانگ کھینچنے سے باز آجائیں ۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں سی پی ایم ، ممتا بنرجی کی زیر قیادت ترنمول کانگریس حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے کانگریس سے انتخابی مفاہمت کی خواہشمند ہے جبکہ پردیش کانگریس کے قائدین اس مسئلہ پر منقسم ہیں۔ اس موقع پر کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وی ایم سدھیرن اور نائب صدر ایم ایم حسن نے سی پی ایم کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے یہ الزام عائد کیا اکہ وہ تشدد کی سیاست پر عمل پیرا ہے ۔ مسٹر ایم ایم حسن نے بھی سی پی ایم اور کانگریس کے درمیان دوستی کی مخالفت کی اور کہا کہ پارٹی ناقابل بھروسہ اور موقع پرست ہے۔

صدر کانگریس کادورہ رائے بریلی
نئی دہلی، 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی جمعرات سے دو دن کے لئے اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کے دورے پر رہیں گی۔ کانگریس کے ذرائع کے مطابق محترمہ گاندھی 11 فروری کو اترپردیش کے رائے بریلی پھنچیں گی اور وہاں مختلف علاقوں میں لوگوں سے ملیں گی اور ان کے مسائل سنیں گی۔ اس دوران وہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ ہی ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گی اور پردیش کانگریس کے عہدیداروں کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گی۔محترمہ گاندھی 12 فروری کو عوامی دربار میں لوگوں کے مسائل سنیں گی اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کرکے علاقے کا دورہ کریں گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT