Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / ایک سے زائد شادیوں کا سنسنی خیز انجام سربستہ رازکی پردہ پوشی کیلئے خاتون کے ہاتھوں دختر کا قتل

ایک سے زائد شادیوں کا سنسنی خیز انجام سربستہ رازکی پردہ پوشی کیلئے خاتون کے ہاتھوں دختر کا قتل

ممبئی ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) شینا بورا قتل کیس آج اس وقت نیا موڑ اختیار کرگیا جب سابق اسٹار انڈیا کے چیف اگزکیٹیو آفیسر پیٹر مکرجی جو کہ ملزمہ اندرانی کے شوہر ہیں، بتایا کہ وہ اس راز سے واقف نہیں تھے کہ مقتولہ ان کی (اندرانی) کی بہن نہیںبلکہ حقیقی دختر تھی۔ اندرانی کو پولیس نے کل شب 2012 ء میں شیناکے قتل میں مشتبہ رول ادا کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ پینر مکرجی نے بتایا کہ یہ راز فاش ہونے پر وہ سکتہ میں آگئے لیکن وہ کیس کی تحقیقات میں پولیس سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کبھی ایسا تجربہ نہیں ہوا اور جس نوعیت کے جرم کی خبر انہیںملی ہے، انہیں کبھی توقع نہیں تھی اور پولیس کو تحقیقات میں مطلوبہ اطلاعات اور اعانت فراہم کریںگے اور میں آج تک اپنی بیوی کو سمجھ نہیں سکا اور شینابورا کو ان کی بہن تصور کرتارہا لیکن اب یہ کہا جارہا ہے کہ مقتولہ ان کی دختر تھی اور جسے میں انکا فرزند سمجھتا تھا ، اب وہ سابق شوہر سے پیدا ہوا لڑکا ہے اور میں اس راز سے لاعلم تھا ۔ میں صرف اندرانی ایک شادی کے بارے میں جانتاتھا اور ایک سے زائد شادیوں سے واقف نہیں تھا لیکن اب کئی باتیں منظر عام پر آرہی ہیں جو کہ میرے لئے بالکلیہ نئی ہیں۔ پیٹر مکرجی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ہمیشہ یہ کہتے آرہی ہے کہ شینا بورا ان کی حقیقی بہن ہے اور شینا بھی اس رشتہ داری کو برقرار رکھا۔ لیکن ایک مرتبہ میرے فرزند نے شینا کیساتھ تعلقات قائم کرلئے جس نے یہ انکشاف کیا تھا کہ شینا بہن نہیں اندرانی کی دختر ہے لیکن میں نے کہا تھا کہ یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ اندرانی کا ادعا ہیکہ وہ اس کی بہن ہے چونکہ میں اپنی بیوی پر اعتماد کرتا تھا جس کے باعث میرے اپنے فرزند کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے اور گزشتہ تین سال سے ہمارے درمیان بات چیت منقطع ہوگئی۔ پیٹر مکرجی نے مزید بتایا کہ شینا بورا کی گمشدگی سے بھی لاعلم تھے

کیونکہ مجھے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ وہ امریکہ روانہ ہوگئی ہے لیکن جب حقائق کا پتہ چلا تو وہ سکتہ میں آگئے۔ دریں اثناء اندرانی کو باندرہ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ کورٹ میں آج پیش کیا گیا جہاں پرانہیں 31 اگست تک پولیس میں دیدیا گیا جبکہ مہاراشٹرا میں رائے گڑھ پولیس کوایک جگل سے شینا پورہ کی باقیات دستیاب ہوسکی جس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کیس درج کیا ہے۔ اندرانی کا ڈرائیور جوکہ کیس میں معاون ملزم ہے۔ پولیس نے کل گرفتار کرلیا تھا ۔ پوچھ تاچھ کے دوران ڈرائیور نے یہ ادعا کیا ہے کہ اندرانی نے خود سینا بورا کا قتل کردیا تھا اور رائے گڑھ کے جگل میں نعش کو دفن کرنے کیلئے اس کی مدد کی تھی۔ کھار پولیس اسٹیشن کے ایک تحقیقاتی آفیسر نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر یہ اطلاع دی۔ یہ کیس دو سال قدیم ہے جس میں نعش کا ڈی این اے نمونہ ہے اور نہ ہی باقیات ہیں اور پولیس صرف معاون ملزمہ کے بیان پر انحصار کئے ہوئے ہیں۔ ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریہ نے کل کھار پولیس اسٹیشن میں اندرانی سے پوچھ تاچھ کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT