Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ

ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ

کرنسی کی تبدیلی پر مودی پر تنقید ، عوامی مسائل پر سی پی آئی ایم کا حیدرآباد کلکٹوریٹ پر احتجاج
حیدرٓباد ۔ /16 نومبر (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ایم) گریٹر حیدرآباد سنٹرل سٹی کمیٹی کے زیراہتمام غریب عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے اراضیات کی فراہمی کے مطالبہ پر آج ضلع کلکٹریٹ حیدرآباد کے روبرو بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کیا گیا ۔ مسٹر ایم سرینواس سکریٹری حیدرآباد سنٹرل سٹی کمیٹی سی پی آئی ایم نے اس قیادت کی ۔ اس موقعہ پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ڈی ٹی نرسمہا راؤ ، مسٹر ایم سرینواس نے گریٹر حیدرآباد میں کم سے کم ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق اراضی فی الفور مختص کرنے کا حکومت بالخصوص ضلع کلکٹر حیدرآباد سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ایک ہزار اور پانچسو روپئے کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی اور عوام کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت بالخصوص وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کو کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مودی کے جلد بازی میں کئے گئے فیصلہ کی وجہ سے آج غریب عوام بالخصوص روز مرہ محنت کرنے والے عوام کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے باعث معاشی طور پر پریشان کن حالات سے دوچار ہیں اور ہر طرف عوام مشکل دہ حالات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔ لیکن وزیراعظم نریندر مودی کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرکے فخر محسوس کررہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ صرف چند دن میں حالات بہتر ہوجائیں گے ۔ انہوں  نے مزید کہا کہ مودی عوام کو مشکلات پیدا کرتے ہوئے نئے ڈرامے کررہے ہیں ۔ ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بتایا کہ ایک ہزار روپئے ادا کرکے 37 ہزار بے گھر افراد راجیو گروہا کلپا مکانات کے حصول کیلئے گزشتہ دس سال سے انتظار میں ہیں اور ان افراد کو ترجیحی بنیاد پر مکانات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر سرینواس نے بتایا کہ سلم علاقوں میں عوام کی رضامندی کے بغیر زبردستی دس منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی کی جانے والی کوششوں سے دستبرداری اختیار کرنے اور بستی کے عوام کی رضامندی کے بعد ہی گھروں کی تعمیر کروانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں راجیو گروہا کلپا کے استفادہ کنندوں کو ترجیح دیتے ہوئے مکانات الاٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر مسٹر این سومبا سکریٹری حیدرآباد کمیٹی کے علاوہ دیگر اہم قائدین سی پی آئی ایم نے بھی احتجاجیوں سے خطاب کیا ۔ بعد ازاں مسٹر سرینواس کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع کلکٹر کو تفصیلی یادداشت پیش کیا۔

TOPPOPULARRECENT