Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اے موہن اور مرتنجیم کانگریس تادیبی کمیٹی سے رجوع

اے موہن اور مرتنجیم کانگریس تادیبی کمیٹی سے رجوع

پی گوردھن ریڈی غیرحاضر، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا عدم جواب
حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی کے روبرو اے موہن اور مرتنجیم شریک ہوئے جبکہ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر پی گوردھن ریڈی غیر حاضر رہے اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ واضح رہیکہ کانگریس کے رکن اسمبلی سابق وزیر مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے دو قائدین کے خلاف تنقید کرنے پر وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 جون تک انہیں اس کی وضاحت کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تادیبی کمیٹی کو کوئی جواب روانہ نہیں کیا۔ قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی کو چیف منسٹر کے سی آر کا مخبر قرار دینے پر تادیبی کمیٹی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں کمیٹی کے روبرو حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹر بی گووردھن ریڈی تادیبی کمیٹی سے رجوع ہونے کے بجائے دہلی پہنچ کر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ ریاست کی تازہ حالت سے انہیں واقف کراتے ہوئے انہیں نوٹس دینے کی شکایت کی۔ ضلع کریم نگر کانگریس کے اجلاس میں تلنگانہ کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ کے صدر مسٹر اے موہن اور صدر کانگریس ضلع کریم نگر مسٹر مرتنجیم کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی تھی جس پر تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی نے دونوں قائدین کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں تادیبی کمیٹی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی۔ دونوں قائدین نے گاندھی بھون پہنچ کر علحدہ علحدہ طور پر صدرنشین تادیبی کمیٹی مسٹر ایم کودنڈا ریڈی سے ملاقات کی اور اپنا اپنا موقف پیش کیا۔

TOPPOPULARRECENT