Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی اسمبلی میں اپوزیشن کے ارکان کو جانے سے روکنے پر وائی ایس آر کانگریس کا احتجاج

اے پی اسمبلی میں اپوزیشن کے ارکان کو جانے سے روکنے پر وائی ایس آر کانگریس کا احتجاج

حیدرآباد 7جون (یواین آئی ) آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کی اسمبلی کی عمارت میں اصل اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے کارکنوں کو جانے سے روک دیا گیاجہاں گزشتہ روز ہوئی بارش کے سبب اپوزیشن لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے چیمبر کی چھت سے پانی کا اخراج عمل میں آیا تھا۔ اسمبلی کی عمارت میں جگن موہن ریڈی کا چیمبر واقع ہے ۔ اسمبلی کی عمارت حال ہی میں تعمیر کی گئی تھی اور اس بات کا دعوی کیا گیا تھا کہ یہ انتہائی عصری عمارت ہے تاہم گزشتہ روز ہوئی بارش سے جگن موہن ریڈی کے چیمبر کے ساتھ ساتھ دیگر بلاکس میں بھی چھت سے پانی کا اخراج ہوا تھا۔ آج جگن موہن ریڈی کے چیمبر کا معائنہ کرنے کے لئے وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی کا ایک وفد پہنچا تا ہم ان کے ساتھ آئے میڈیا کے نمائندوں کو اندر جانے کی اجازت سیکوریٹی کے اہل کاروں نے نہیں دی جس پر ان ارکان اسمبلی نے شدید برہمی کا اظہار کیا اوراسمبلی کی عمارت کی گیٹ کے سامنے سڑ ک پر بیٹھ کر حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان ارکان اسمبلی نے کہاکہ 9سال کا وزیراعلی کا تجربہ رکھنے والے چندرابابونائیڈو نے دعوی کیا تھا کہ یہ عمارتیں کافی عصری بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چندرابابو نے عالمی طرز کا نیا دارالحکومت بنانے کا بھی دعوی کیا تھا لیکن گزشتہ روز ہوئی بارش نے ان کے دعووں کی قلعی کھول دی۔ان ارکان اسمبلی نے بعد ازاں منہ پر سیاہ پٹیاں لگا کر احتجاج کیا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT