Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی سکریٹریٹ سے تلنگانہ ملازمین کی بازطلبی کا مطالبہ اور دھرنا

اے پی سکریٹریٹ سے تلنگانہ ملازمین کی بازطلبی کا مطالبہ اور دھرنا

حیدرآباد ۔13جون ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے فی الوقت ریاست آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے والے درجہ چہارم سرکاری ملازمین آج آندھراپردیش سکریٹریٹ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ منظم کرتے ہوئے ان تمام درجہ چہارم ملازمین کو فوری طور پر ریاست تلنگانہ میں واپس طلب کرلینے کا پُرزور مطالبہ کیا ۔ احتجاجی درجہ چہارم سرکاری ملازمین نے نیم برہنہ حالت میں کافی دیر تک احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے اس بات کا اظہار کیا کہ آندھراپردیش کے تمام ملازمین بشمول درجہ چہارم کو بھی جاریہ ماہ کے دوران ہی آندھراپردیش راجدھانی امراوتی یا وجئے واڑہ منتقل کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ریاست آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے والے ریاست تلنگانہ کے درجہ چہارم ملازمین میںزبردست تشویش پائی جارہی ہے اور یہ تمام ملازمین درجہ چہارم وجئے واڑہ یا راجدھانی امراوتی جانے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں ۔ احتجاجی مظاہرہ نے تلنگانہ ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین سے اس مسئلہ میں فی الفور مداخلت کرکے اور ریاست آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے درجہ چہارم ملازمین کو ریاست تلنگانہ میں طلب کرلینے کیلئے حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے موثر اقدامات کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین نے احتجاجی مظاہرین کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے موثر نمائندگی کر کے مسئلہ کے حل کی یکسوئی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT