Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی میں غیرمعمولی بارش، سیلاب کی صورتحال کا جائزہ

اے پی میں غیرمعمولی بارش، سیلاب کی صورتحال کا جائزہ

چیف سکریٹری کرشناراؤ کی صدارت میں تمام سکریٹریز کے اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (آئی این این) اے پی کے چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ کی صدارت میں آج تمام سکریٹریز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایوان میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے تیقنات، بارش اور سیلاب، حکومت ہند کی جانب سے فنڈس کی اجرائی وغیرہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیرمعمولی بارش اور سیلاب کا جائزہ لیتے ہوئے جس سے اضلاع نیلور، کڑپہ اور چتور شدید متاثر ہوئے ہیں، چیف سکریٹری نے بتایا کہ اب تک 4 کروڑ روپئے مالیت کی اشیاء کو تقسیم کیا گیا ہے اور کہا کہ اس سلسلہ میں مرکزی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو جلد ہی سیلاب زدہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ٹیم کے ساتھ اس ماہ کی 11 تاریخ کو وجئے واڑہ میں ایک ابتدائی اجلاس منعقد کیا جائے گا اورانہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے سکریٹریز سے اس اجلاس میں شرکت کرنے کی خواہش کی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت آندھراپردیش نے ایک پورٹل می کوسم شروع کیا ہے جوکہ عوام کی شکایتوں کے ازالہ کیلئے ایک فورم ہے۔ اس کے ذریعہ کسی بھی شکایت یا درخواست کو فیلڈ لیول سے چیف منسٹر کو روانہ کیا جاسکتا ہے تاکہ ریاست میں سوشیل سیکوریٹی اسکیمس پر مؤثرانداز میں عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ قبل ازیں جنم بھومی پروگرام کے دوران موصولہ شکایتوں پر ایکشن ٹیکن رپورٹس کو می کوسم پورٹل پر اپ لوڈ کیا جانا چاہئے۔ متعلقہ عہدیداروں نے بتایا کہ 81 فیصد شکایتوں کا ازالہ کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ آئندہ جنم بھومی پروگرام یکم ؍ جنوری 2016ء کو شروع ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT