Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی کو خصوصی درجہ کیلئے حمایت حاصل کرنے کانگریس کی کوششیں تیز

اے پی کو خصوصی درجہ کیلئے حمایت حاصل کرنے کانگریس کی کوششیں تیز

نئی دہلی۔ 20جولائی (سیاست نیوز)آندھراپردیش کوخصوصی درجہ کے مسئلہ پر راجیہ سبھا میں پرائیویٹ بل کے سلسلہ میں کانگریس نے کوششیں تیز کردی ہیں۔ آندھراپردیش کانگریس کے صدر رگھو ویرا ریڈی نے اس بل کی کامیابی کیلئے حمایت حاصل کرنے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں ۔ رگھو ویرا ریڈی نے اس سلسلہ میں ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ کی جانب سے پیش کئے گئے اس بل کی رائے دہی میں حمایت کی اپیل کی جس پر کیشو راؤ نے حمایت کا وعدہ کیا ۔ساتھ ہی رگھو ویرا ریڈی نے اس بل کی حمایت کے سلسلہ میں آندھراپردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کو بھی خط لکھا ہے ۔رکن راجیہ سبھا رام چندر راؤ نے دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی کو خصوصی درجہ کیلئے ان کی جانب سے پیش کردہ پرائیویٹ ممبر بل پر رائے دہی پر یقینی طور پر یہ بل منظور ہوگا ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ جے ڈی یو ‘ آر جے ڈی ‘ سی پی آئی ‘ سی پی ایم ‘ سماج وادی پارٹی اور این سی پی نے اس بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ رام چندر راؤ نے اس بل کی اتفاق رائے کے ذریعہ منظوری کی خواہش کی ۔ اس سلسلہ میں انہو ں نے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو ایک خط بھی لکھا اور آندھراپردیش تنظیم نو بل کی پارلیمنٹ میں پیشکشی کے وقت کئے گئے وعدوں اور صورتحال سے واقف کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے یقینی طور پر مرکز پر دباؤ پڑے گا ۔ اس بل پر جمعہ کو رائے دہی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر بل ان کا دستوری حق ہے ۔ اس کے ذریعہ مرکز کو متوجہ کیا جائے گا ۔ اسی دوران مرکزی وزیر و تلگودیشم لیڈر سوجنا چودھری نے کہا کہ اس بل کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ اس سے مرکز پر کوئی دباؤ نہیں پڑے گا ۔ اے پی کو تعاون کے سلسلہ میں اے پی کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے مرکز سے کئی مرتبہ بات چیت کی ہے ۔اسی دوران آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کی جانب سے وجئے واڑہ میں ریلی نکالی گئی جس میں کئی طلبہ نے شرکت کی ۔ ریلی کی شروعات ایلورو روڈ کے ایس آر آر سی وی آر کالج سے ہوئی ۔ احتجاجیوں نے خصوصی درجہ اے پی کا حق پلے کارڈزہاتھ میں لیتے ہوئے احتجاج کیا اور نعرے لگائے ۔ انہوں نے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ کی جانب سے راجیہ سبھا میں پیش کردہ پرائیویٹ بل کی منظوری کیلئے تعاون کی تمام جماعتوں سے خواہش کی ۔

TOPPOPULARRECENT