Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی کو خصوصی موقف پر مباحث کی تجویز : نائیڈو

اے پی کو خصوصی موقف پر مباحث کی تجویز : نائیڈو

وجئے واڑہ 27 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ریاست کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے اور دوسرے مسائل پر مباحث کروائیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے چند دن بعد یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے اور تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون میں شامل دوسرے مسائل پر مباحث کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں ہوئے کرپشن اور بدعنوانیوں پر بھی مباحث کروانا چاہتے ہیں ۔وہ یہ تمام مسائل عوام کے سامنے پیش کرینگے ۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے خواہش کی کہ وہ ریاست کو خصوصی موقف کے مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دیں اور ریاست کی ترقی میں ان کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ مسٹر نائیڈو نے ریاست کے عوام سے بھی خواہش کی کہ وہ خصوصی موقف کے مسئلہ پر خود کشی جیسے انتہائی اقدامات سے گریز کریں۔ انہوں نے یہ اپیل ایسے وقت میں کی ہے جبکہ ایک دن قبل ہی 55 سالہ جسمانی معذور شخص نے نیلور ضلع میں اس مطالبہ کی تائید میں خود کشی کرلی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آندھرا پردیش کی پڑوسی ریاستوں کی طرز پر ترقی کی ذمہ داری قبول کریں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے خواہش کی ہے کہ وہ تنظیم جدید آندھرا پردیش میں شامل کئے گئے تمام مسائل پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ نائیڈو نے منگل کو دہلی میں اس مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کی تھی ۔ ریاست میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ ریاست کیلئے خصوصی موقف حاصل کرنے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکز سے خواہش کرچکے ہیں کہ ریاست میں صنعتوں کو اضافی مراعات دی جائیں کیونکہ اگر یہاں اچھی سہولیات نہ ہوں تو کارپوریٹس کی توجہ ادھر نہیں ہوگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے یہ بھی درخواست کرچکے ہیں کہ پولاورم پراجیکٹ کیلئے اضافی فنڈز جاری کریں تاکہ اس کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT