Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ا14گست سے حج پروازوں کا آغاز ، انتظامات مکمل

ا14گست سے حج پروازوں کا آغاز ، انتظامات مکمل

سرکاری محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔20 جولائی (سیاست نیوز) حج کیمپ 2017ء کا 11 اگست کو آغاز ہوگا اور تلنگانہ حج کمیٹی نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 26 مختلف سرکاری محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی صدارت میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکمہ جات کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ 14 اگست سے حج پروازوں کا آغاز ہوگا اور جاریہ سال سعودی ایئرلائنس کو عازمین حج کی منتقلی کا شرف حاصل ہوگا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر این چندر شیکھر رائو کی خصوصی دلچسپی سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت نے حج کمیٹی کو تین کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے جبکہ گزشتہ سال یہ بجٹ دیڑھ کروڑ تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ عازمین حج کی بہتر طور پر خدمت کرنی چاہئے اور حج کیمپ کے علاوہ حج ٹرمینل پر موثر انتظامات کیئے جائیں۔ 14 تا 22 اگست سعودی ایرلائنس کی جملہ 14 پروازیں رہیں گی اور ہر فلائٹ میں 450 عازمین حج کی گنجائش ہوگی۔ تمام سرکاری محکمہ جات نے یقین دلایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی وہ فرائض کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور سنٹرل حج کمیٹی کے رکن طیبہ آفندی نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے 700 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ محمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ سے 3676 اور آندھراپردیش سے 2672 عازمین روانہ ہورہے ہیں۔ ان تمام کے انتظامات تلنگانہ حج کمیٹی کی نگرانی میں انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی رباط مکہ مکرمہ میں 1286 عازمین کی رہائش کے انتظامات کئے جارہے ہیں جس سے فی عازم اخراجات میں 44900 روپئے کی بچت ہوگی۔ رباط میں دو وقت کا کھانہ، کپڑوں کی دھلائی اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محمود علی نے بتایا کہ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے رباط سے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 26 محکمہ جات نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی اور بہتر انتظامات کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو حج کیمپ میں بہتر انتظامات کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ عازمین حج کی خدمت سے حج کا ثواب ملتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی ایئرلائنس مقررہ وقت پر چلاتے ہوئے عازمین کو کسی بھی زحمت سے بچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے نمائندگی کی گئی ہے کہ مختلف ریاستوں کا بچ جانے والا حج کوٹہ تلنگانہ کو الاٹ کیا جائے۔ ابھی تک ویٹنگ لسٹ کے تحت 309 عازمین کی منظوری حاصل ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید کوٹہ تلنگانہ کو حاصل ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حج کیمپ میں بورڈ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ عازمین کے قیام کے لیے جتنے کمروں کی ضرورت ہوگی حج کمیٹی کے حوالے کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برقی، پانی، لفٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ بہتر انتظامات کے لیے وقف بورڈ نہ صرف اپنے ملازمین کو تعینات کرے گا بلکہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وہ عازمین حج کے انتظامات کے سلسلہ میں کونسل جنرل جدہ سے نمائندگی کی جائے گی۔ اجلاس میں ٹرانسکو حکام کو پابند کیا گیا کہ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے دو موبائل ٹرانسفارمرس کا انتظام کریں اس کے علاوہ حج ہائوز کے باہری حصہ میں کمرشیل سرگرمیوں کو غیر قانونی کنکشن فراہم نہ کیا جائے۔ سابق میں غیر قانونی کنکشن کے باعث شاٹ سرکٹ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ وقف بورڈ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ عمارت کے تمام فلورس میں ٹائلٹس، وضو خانوں کی بہتر نگہداشت کریں اور صحت و سفائی کے انتظامات پر توجہ دی جائے۔ لفٹ میں کسی بھی خرابی کی صورت میں 24 گھنٹے مینٹننس ٹیم کو تیار رکھا جائے۔ فائر سرویسس حکام نے حج ہائوز میں فائر انجن متعین کرنے اور آتش فرو آلات ہر منزل پر فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ ممبئی مرکنٹائل کوآپریٹیو بینک کی جانب سے عازمین حج کو فارن ایکسچینج کے لیے خصوصی کائونٹرس قائم کئے جائیں اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اپنا عارضی ایکسٹنشن کائونٹر بھی قائم کرے گا۔ جی ایم آر حج ٹرمینل میں کنویئر بلٹ، سنٹرل ایرکنڈیشن، نماز، وضو، طہارت خانہ کے انتظامات، طیارے کی روانگی کے سلسلہ میں ڈیجیٹل ڈسپلے، حج ٹرمینل کے باہر ویزیٹرس کے لیے واٹر پروف شیڈ کے علاوہ حج ہائوز میں ایکسرے اسکرین مشین فراہم کرے گا۔ سعودی ایرلائنس حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ حج ٹرمینل میں عازمین کو اسناکس سربراہ کریں اور ایرپورٹ پر ا گر کھانے کا وقت ہو تو غذا کا انتظام کیا جائے۔ طیارہ کی روانگی میں اگر 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہو تو عازمین کو رہائش کے انتظامات کیے جائے۔ سفر کے دوران سعودی ایرلائنس نے نان ویج غذا فراہم کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ جائزہ اجلاس میں شاہنواز قاسم آئی پی ایس جوائنٹ کمشنر پولیس سائبرآباد، ڈی جیول ڈیوس آئی پی ایس ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون حیدرآباد، محمد ریاض الحق اسسٹنٹ کمشنر پولیس سی اے آر، ڈی بالاجی سی آئی پی ٹریفک، اے گنگارام ٹریفک پولیس عابڈس، ذکا اللہ صدیقی انڈوسعودی ایرلائنس، کے پریم کمار سپروائزر سعودی ایرلائنس، ایم واحد علی سینئر کسٹمر سرویس سعودی ایرلائنس، قطب الدین احمد خان سیلس منیجر سعودی ایرلائنس، کے گنگاریڈی اسسٹنٹ کمشنر پولیس، ڈی راجیشور ایڈشنل جنرل منیجر بی ایس این ایل، محمد ضیاء الدین برانچ منیجر ممبئی مرکنٹائل بینک، سدھیر کمار کمانڈنٹ سی آئی ایس ایف، چندرکانت ورما سی آئی ایس ایف، ایم وی گیانیشور ٹرانسکو، وی پاپیا ریجنل فائر آفیسر، ایم اے منان فاروقی چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ، محمد لیاقت علی ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی، سید جنید سالک کسٹمس، ساجد غوری کسٹمس اور دوسروں نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT