Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ا31 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ، 2 ستمبر سے عازمین کی روانگی

ا31 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ، 2 ستمبر سے عازمین کی روانگی

انتظامات کو قطعیت ، مرکزی و ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس ، ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست  نیوز) حج 2015 ء کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے اور 31 اگست سے نامپلی میں حج کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 2 ستمبر سے عازمین حج کے قافلے ارض مقدس کیلئے روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 2 ستمبر کی شام عازمین حج کے دوسرے قافلہ کو وداع کریں گے۔ حج ہاؤز نامپلی میں آج 22 محکمہ جات کے ساتھ حج کیمپ کے انعقاد کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود اور اقلیتی بہبود کے دیگر عہدیداروں کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے 22 محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی اور حج کیمپ کے کامیاب انعقاد میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ حج ہاؤز نامپلی اور حج ٹرمنل ایرپورٹ پر موثر انتظامات کا متعلقہ عہدیداروں نے تیقن دیا ہے۔ ایر انڈیا ، جی ایم آر ، کسٹمس، امیگریشن کے عہدیداروں نے عازمین حج کیلئے ضروری امور کی تکمیل میں تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایر انڈیا کی پروازیں مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں سے خواہش کی گئی کہ وہ مقررہ وقت پر پروازوں کو یقینی بنائیں کیونکہ سابق میں دیگر ریاستوں سے پروازوں کی تاخیر کے سبب عازمین کو مشکلات کی شکایات ملی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے حج کمیٹی کیلئے دو کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے انتظامات کیلئے بجٹ کی کمی کا مسئلہ درپیش نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے ہر سال دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بہتر انتظامات کئے جاتے ہیں اور حکومت کو امید  ہے کہ تمام محکمہ جات اس سال بھی مکمل تعاون کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پولیس کو ہدایت دی کہ حج ہاؤز کے باہر اور اطراف میں دکانات اور اسٹال کے قیام کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ سابق میں ایک اسٹال کے سبب پیش آئے واقعہ میں بعض ہلاکتیں واقع ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم آر نے ایرپورٹ پر حج ٹرمنل میں مکمل ایرکنڈیشن سہولت اور سامان کی منتقلی کیلئے بیلٹ کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا ہے۔ جی ایم آر نے حج ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے بھی تمام سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عہدیداروں کا خیرمقدم کیا اور حج کیمپ کی ضرورتوں سے واقف کرایا۔ انچارج سکریٹری اقلیتی بہبود شریمتی جی ڈی ارونا نے کہا کہ وہ حج انتظامات میں اپنی حصہ داری کو باعث فخر محسوس کرتی ہیں۔ حج کیمپ میں جاریہ سال انتظامات کے سلسلہ میں بعض اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور اعلیٰ عہدیداروں نے انتظامات کا  برسر موقع جائزہ لیا۔ اجلاس میں سی آئی ایس ایف ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، پولیس ، ٹرانسکو ، واٹر ورکس ، فائر سرویسس ، بی ایس این ایل ، ہیلت ، ہارٹیکلچر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد اسد اللہ اور مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے حج ہاؤز میں ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا ۔

TOPPOPULARRECENT