Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بارش سے کسانوں کے برقی ٹرانسفارمرس ناکارہ

بارش سے کسانوں کے برقی ٹرانسفارمرس ناکارہ

ناگی ریڈی پیٹ کے کسانوں کو فصلوں کے ساتھ مزید نقصان
یلاریڈی 14 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اس سال کسانوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے جس میں خاص کر منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے منجیرا نشیبی علاقوں کے کسانوں کو غیر معمولی نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ تقریباً 20 دن قبل منڈل کی منجیرا ندی طوفانی بارش کے سبب لبریز ہوکر نشیبی علاقوں کو غرقاب کیا جس سے پانچ ہزار ایکڑ سے زیادہ کی فصل غرق ہونے سے کسانوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا۔ اس کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں کے برقی ٹرانسفارمرس، 12 مواضعات میں تقریباً 141 زیرآب آگئے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے چنور میں 60 برقی ٹرانسفارمرس، میجر واڑی شیوار میں 4 ، ناگی ریڈی پیٹ شیوار میں 17 ، لنگم پلی کلاں شیوار میں 07 ، ماٹور شیوار میں 07 ، آتماکور میں ایک، تانڈور میں 10 ، وینکم پلی میں 25 ، گول لنگال میں 07 اور مالتمیدیہ شیوار پر 03 برقی ٹرانسفارمرس پانی میں غرق ہوگئے۔ ایک برقی ٹرانسفارمرس کو مرمت کے لئے 35 ہزار روپئے سے 40 ہزار روپئے کا خرچ آتا ہے۔ یہ خرچ محکمہ ٹرانسکو پر ہی پڑتا ہے لیکن مواضعات سے ٹرانسفارمر کو یلاریڈی SPM سنٹر لانے کے لئے آنے والا خرچ کسانوں کو ہی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ ایک برقی ٹرانسفارمر کی مرمت کے لئے منتقل کرکے نصب کرنے کے لئے واپس لیجانے تک تقریباً چار ہزار روپئے کا خرچ کسانوں کو برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی کھیتوں کے برقی موٹریں بھی زیرآب آگئی تھیں جسے مرمت کروانا ضروری ہوگیا ہے۔ جو فی موٹر مرمت کے لئے پانچ ہزار روپئے کا خرچ بتایا جارہا ہے۔ اس طرح کسانوں کو مزید مالی بوجھ برداشت کرنا پڑرہا ہے جبکہ یہ پہلے سے ہی قحط سے پریشان تھے۔ اب فصلیں ہاتھ آنے پر طوفانی بارش نے انھیں تباہ کردیا۔ حکومت سے توجہ کی اپیل کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT