Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / بارش سے 119 تالاب لبریز ، دیگر تالاب بھی پُر ہونے کے قریب

بارش سے 119 تالاب لبریز ، دیگر تالاب بھی پُر ہونے کے قریب

جی ایچ ایم سی ، محکمہ آبپاشی اور ایچ ایم ڈی اے کی خصوصی نظر ، پانی کے اخراج پر خصوصی توجہ
حیدرآباد۔12اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ ہفتہ ہونے والی بارش کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے 185تالابوں میں 119 تالاب لبریز ہوگئے اور ان تالابو ںمیں تیزی سے پانی جمع ہونے لگا ہے۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شہر کے 23تالابوں میں 75 فیصد پانی جمع ہوگیا ہے اور تیزی سے پانی جمع ہونے لگا ہے اورمزید بارش کی صورت میں ان تالابوں میں اور پانی جمع ہو سکتا ہے۔ 17تالابوں میں 50فیصد سے زیادہ پانی جمع ہوچکا ہے اور ان تالابو ںمیں مزید پانی جمع ہو رہا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ آبپاشی اور حیدرآباد میٹروپولیٹین اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کی جانب سے شہر کے تالابوں میں بڑھ رہے پانی پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں فوری قابو پانے کے اقدامات کئے جا سکیں۔ میرعالم تالاب اور درگم چیروو کے علاوہ شہر کے دیگر تالابو ںمیں جمع ہونے والے پانی کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ شہر کے تالاب کافی طویل عرصہ کے بعد لبریز ہونے لگے ہیں اور ان تالابوں کے شکم میں جمع ہونے والا پانی طویل مدت تک ماحولیات کے تحفظ میں انتہائی معاون ثابت ہوسکتا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے حدود میں موجود تالابوں سے پانی کے اخراج پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ لبریز ہونے کی صورت میں اطراف و اکناف کے علاقو ںمیں پانی داخل ہونے سے بچایا جا سکے۔ حسین ساگر کی سطح آب میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور 12اکٹوبر کو صبح10:30حسین ساگر کی سطح ٓاب 513.420 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جملہ سطح آب 514.750 ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حسین ساگر میں 830 کیوزک پانی جمع ہورہا ہے اور 1130کیوزک اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے دوران شہر کے مزید تالابوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے محکمہ آبپاشی اور ایمرجنسی اسکواڈ کو متحرک رکھا گیا ہے اور ناچارم تالاب کے علاوہ کشائی گوڑہ اور رامنتا پور میں عہدیداروں کو متعین کیا گیا ہے تاکہ عوام کو بروقت مدد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان تالابوں کے علاوہ جی ایچ ایم سی بلدی حدود سے متصل تالابوں میں جمع ہونے والی پانی پر بھی نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہیں تاکہ ان تالابوں سے خارج ہونے والا پانی شہر کی بستیوں میں داخل ہونے کی صورت میں اس کی نکاسی کا انتظام کیا جا سکے۔

TOPPOPULARRECENT