Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / بارش کی تباہی پر راحت کاری اقدامات

بارش کی تباہی پر راحت کاری اقدامات

وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کی عہدیداروں کو واٹس اپ سے ہدایت
محکمہ آبپاشی میں ایمرجنسی ، ملازمین کی رخصتیں منسوخ

حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے محکمہ آبپاشی میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے انجینئرس اور دیگر عملہ کی رخصتیں منسوخ کردی۔ بارش کی تباہی کا آن لائن سے جائزہ لیتے ہوئے راحت کاری اقدامات کے لیے واٹس اپ سے عہدیداروں کو ہدایت دی محکمہ آبپاشی کے ملازمین کی رخصت منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری ڈیوٹی سے رجوع ہونے اور جنگی خطوط پر راحت کاری کے کام انجام دینے کا مشورہ دیا ۔ اپیکس کونسل کے اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ دہلی روانہ ہونے والے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز اور بھاری بارش ہونے والے نقصانات کا آن لائن سے جائزہ لیا ۔ محکمہ آبپاشی کے ملازمین کی رخصت نامنظور کرتے ہوئے قدرتی آفات و سماوی کے موقع پر انہیں عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت دی اور جنگی خطوط پر راحت کاری کے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ کل رات تیز بارش سے اضلاع رنگاریڈی اور نلگنڈہ میں عوام کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے احتیاطی اقدامات کی تجاویز روانہ کیے ۔ تلنگانہ میں دوبارہ تیز بارش کی پیش قیاسی کے بعد ہریش راؤ نے ریاست کے عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا

اور عہدیداروں کو تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں موجود تالابوں اور کنٹوں پر نظر رکھنے پر زور دیا ۔ تالابوں کے پشتوں پر نظر رکھتے ہوئے شگاف پڑنے کی صورت میں مواضعات میں پانی داخل ہونے سے روکنے کے لیے ریتی کے تھیلے تیار رکھنے ہدایت دی ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں سے تال میل پیدا کرتے ہوئے تالابوں کی حفاظت کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی اور کسی بھی ناگوار واقعات کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ ہریش راؤ کی ہدایت ملنے کے بعد محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیدار اور انجینئرس کے علاوہ دوسرا عملہ متحرک ہوگیا ہے ۔ محکمہ مال ، پولیس سے تال میل کرتے ہوئے بارش میں پھنسے ہوئے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ۔ حیدرآباد کے حسین ساگر پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔ ضرورت پڑنے پر حسین ساگر کے نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ۔۔

TOPPOPULARRECENT