Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بازار میں 2 ہزار روپیوں کے نوٹس کی قلت

بازار میں 2 ہزار روپیوں کے نوٹس کی قلت

کرنسی تنسیخ کے بعد جاری کردہ نوٹس پر عوام کے خدشات میں اضافہ
حیدرآباد۔18جون (سیاست نیوز) 2 ہزار کے کرنسی نوٹ بازار سے غائب ہونے لگے ہیں ‘ بینکوں کی جانب سے 2000کے نوٹ جاری نہیں کئے جا رہے ہیں اور اے ٹی ایم میں بھی دو ہزار نوٹ موجود نہیں ہیں۔ اس طرح کی شکایات نے عوام کے ذہنو ںمیں دو ہزار کی نوٹ کے متعلق خدشات پیدا کرنے شروع کردیئے ہیں کہ کہیں 2 ہزار کی نوٹ بھی منسوخ تو نہیں کردی جائے گی؟ سوشل میڈیا بالخصوص واٹس اپ اور فیس بک پر جاری میسیج میں دو ہزار کی نوٹ کے متعلق ظاہر کئے جانے والے خدشات میں کس حد تک صداقت ہے یہ کہا جانا مشکل ہے لیکن کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد جو حالات پیدا ہوئے اور اطلاعات منظر عام پر آرہی تھی ان کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا نے کرنسی تنسیخ کے فیصلہ سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کیلئے دو ہزار کی نوٹ شائع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس نوٹ کو مختصر مدت کیلئے بازار میں رکھنے کا ذہن تیار کرلیا گیا تھا۔ کرنسی تنسیخ کے بعد سے ہی یہ اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ جون یا جولائی کے دوران کسی بھی وقت دو ہزار کے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کا اعلان کردیا جائے گا اور اب ماہ جون کے دوران 2 ہزار کے نوٹ اے ٹی ایم میں دستیاب نہ ہونے کے سبب لوگوں کے شبہات اور ان اطلاعات کی توثیق ہونے لگی ہے ۔ دونوں شہرو ںمیں 2000کی کرنسی کی قلت کے متعلق خود تجارتی اداروں کے ذمہ دار اعتراف کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے فوری بعد جب دو ہزار کی نوٹ بازار میں آئی تو لوگوں کو 2000کا چلر دستیاب نہیں تھا لیکن اب جس رفتار سے 500کے نوٹوں کے چلن میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اسی رفتار سے 2 ہزار کے کرنسی نوٹ مفقود ہوتے جا رہے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کئے جانے کے امکانات کو رد نہیں کیاجاسکتا کیونکہ حالیہ عرصہ میں این ڈی اے کی حلیف سیاسی جماعت کے صدر و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے پارٹی کے مہاناڈو اجلاس میں 2 ہزار کے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کیلئے قرار داد منظور کی اور بینک عہدیدار بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ انہیں دو ہزار کے کرنسی نوٹ بہت کم وصول ہو رہے ہیں۔علاوہ ازیں یہ کہا جا رہا ہے کہ 2000 ہزار کے کرنسی نوٹ بازار سے ہٹائے جانے لگے ہیں ۔بلکہ بعض گوشوں کا خیال ہے کہ 2 ہزار کے کرنسی نوٹ دوبارہ کالے دھن کی شکل میں محفوظ کئے جا چکے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT