Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / بال ٹھاکرے کے آگے جھکتے ہوئے مودی ،شیوسینا کا پوسٹر

بال ٹھاکرے کے آگے جھکتے ہوئے مودی ،شیوسینا کا پوسٹر

ممبئی ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے حکمراں محاذ کی حلیف جماعتوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان شیوسینا نے آج ایک پوسٹر جاری کردیا، جس میں وزیراعظم نریندر مودی کو آنجہانی بال ٹھاکرے کے آگے جھکتا دکھایا گیا ہے۔ یہ پوسٹر دادر میں واقع سینا بھون پر پارٹی کی ایسٹ ممبئی یونٹ نے لگایا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ نریندر مودی بصداحترام آنجہانی بال ٹھاکرے کے آگے جھک رہے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ دو سطور بھی درج کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ’’(کیا آپ) وہ دن بھول گئے جب آپ کی (موجودہ) قابل فخر گردن بالا صاحب کے قدموں میں جھک جاتی تھی؟‘‘۔ اس دوران بی ایم سی کے ذرائع نے کہا کہ اس پوسٹر کو ہٹادیا گیا ہے۔ وقفہ وقفہ سے دونوں پارٹیوں میں تلخ و تند تعلقات تھے، جس کے نتیجہ میں مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے قبل شیوسینا نے بی جے پی سے دوری اختیار کی تھی۔ تاہم نتائج کے اعلان کے بعد دونوں جماعتوں میں دوبارہ اتحاد ہوگیا۔ اس کے باوجود مختلف مسائل پر اختلافات و کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ شیوسینا نے حال ہی میں پاکستانی گلوکار غلام علی کے ممبئی اور پونے میں غزلوں کے پروگرام کو منسوخی کیلئے مجبور کردیا تھا۔ بعدازاں بی جے پی کے سابق رکن سدھیندر کلکرنی کے چہرہ پر کالک پوت دی تھی، جس سے ہندوتوا کی ان دونوں حلیفوں میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ اس دوران شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے کے ایک قریبی مددگار نے کہا کہ اس پوسٹر کو پارٹی نے منظوری نہیں دی تھی۔ شیوسینا کے کسی برہم کارکن نے غالباً یہ پوسٹر لگا دیا ہوگا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT