Friday , June 23 2017
Home / ہندوستان / باپ نے دو بیٹوں کو گولی ماری ، ایک ہلاک

باپ نے دو بیٹوں کو گولی ماری ، ایک ہلاک

بھاگلپور، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں ضلع بھاگلپور کے سلطان گنج تھانہ علاقے میں گزشتہ رات گئے اراضی تنازعہ کی وجہ سے ایک باپ نے اپنے دو بیٹوں کو گولی مار دی جس سے ایک بیٹے کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ پائن گاؤں کے رہنے والے رویندر یادو کا اپنے بیٹوں مکیش یادو (38) اور چھوٹو یادو (25) کے ساتھ زمین کے معاملے میں پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا ۔ باپ زمین فروخت کرنا چاہتا تھا جس کی دونوں بیٹے مخالفت کررہے تھے ۔ اسی بات پر رویندر نے دونوں بیٹوں کو گولی مار دی جس سے مکیش کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ چھوٹو سنگین طور پر زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو علاج کے لئے بھاگلپور میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ حادثہ کے بعد فرار باپ کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے ۔
مویشی بازاروں کے اعلامیہ پر میگھالیہ بی جے پی میں اختلافات
شیلانگ، 6جون (سیاست ڈاٹ کام) میگھالیہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دوسرے لیڈر باچو ماراک نے مرکزی حکومت کی طرف سے مویشی بازاروں میں ذبح کے لئے جانوروں کی خریدو فروخت پر پابندی سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کی مخالفت میں استعفیٰ دے دیا ہے ۔ مستعفی ہونے والے بی جے پی لیڈر نارتھ گارو ہلس سے ضلعی صدر ہیں۔ باچو ماراک نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر این ڈی اے حکومت کے تین سال کا جشن منانے کیلئے ’بیف اینڈ بیئر‘پارٹی کی بات کی تھی۔ ماراک برنارڈ کے بعد ایسے دوسرے بی جے پی لیڈر ہیں جنہوں نے مرکز کی طرف سے جانوروں کے ذبح پر پابندی سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کی مخالفت میں پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT