Tuesday , July 25 2017
Home / Top Stories / بحران میں پھنسے قطر کی مدد کیلئے ترکی کی پہل، پابندی ختم کرنے اردغان کی اپیل

بحران میں پھنسے قطر کی مدد کیلئے ترکی کی پہل، پابندی ختم کرنے اردغان کی اپیل

 

استنبول۔ 10جون (سیاست ڈاٹ کام) بیشتر عرب ممالک سے تعلق ختم ہونے کی وجہ سے بحران میں پھنسے قطر کی مدد کے لئے ترکی سامنے آیا ہے ۔ ترکی کی پارلیمنٹ نے قطر میں فوج کی تعیناتی کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔اس کے علاوہ ترکی نے بحران کا شکار قطر کو ہر ممکن مدد دینے کی بھی تجویز پیش کی ہے ۔ ترکی کے صدر طیب ارودغان نے تجویز کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے بعد اس سلسلے میں سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔درین اثنا قطر نے پھر کہا ہے کہ وہ کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی حمایت نہیں کرتا اور نہ ہی وہ جھوٹے الزامات کی وجہ سے کسی ملک کے آگے جھکے گا۔واضح ر ہے کہ پیر کو سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات سمیت چھ ممالک نے دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے قطر سے اپنے تعلقات توڑے لئے تھے ۔ وہاں جانے اور آنے والے ایئر لائنز کو منسوخ کر دیا تھا۔ تجارتی تعلقات بھی ختم کر دیئے تھے ۔ اس کی وجہ سے قطر میں غذائی اجناس اور پینے کے پانی کی کمی ہو گئی ہے ۔ قطر پر پابندی لگانے والے اہم ممالک نے 59 لوگوں کو بلیک لسٹ میں بھی ڈالنے کا اعلان کیا ہے ۔ جن لوگوں کو بلیک لسٹ میں ڈال کر انہیں مطلوبہ قرار دیا گیا ہے ان میں زیادہ تر لوگ قطر کے ہیں۔ ان میں اخوان المسلمون تنظیم کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ترکی اور قطر مصر کی تنظیم اخوان المسلمون کے حامی ہیں۔ یہ تنظیم مصر میں کئی سال سے سرکاری فوجوں کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے ۔ترکی کے صدر طیب اردوغان نے قطر کے خلاف پابندیوں کو ہٹانے کے لئے عرب ممالک پر زور دیا ہے ۔مسٹر اردوغان نے استنبول میں کل روزہ افطارکے دوران کہا” میں خلیجی ممالک کے رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں، اس جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا اور ہر طرف ہماری بدنامی ہوگی”۔انہوں نے قطر کے خلاف عائدتمام پابندیوں کو ختم کرنے اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے کے لئے سعودی عرب پر زور دیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT