Tuesday , September 26 2017
Home / دنیا / بحری عملے کی رہائی پر امریکہ کا ایران سے اظہارتشکر

بحری عملے کی رہائی پر امریکہ کا ایران سے اظہارتشکر

واشنگٹن ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اپنے دس بحری اہلکاروں کی فوری رہائی پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خیال رہے کہ چہارشنبہ کو یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ امریکہ کی دو کشتیاں خلیج فارس میں ایرانی آبی حدود میں داخل ہوئیں جس کے بعد ایران نے عملے اور کشتیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے کئی گھنٹے گذر جانے کے بعد ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ سے یہ خبر جاری کی گئی کہ پاسداران انقلاب نیامریکی بحری عملے کے دس ارکان کو رہا کر دیا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر پاسداران انقلاب کے بیان کو پڑھ کر سنایا گیا جس کے مطابق معذرت خواہی کے بعد عملے کو بین الاقوامی آبی حدود میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کشتیاں ’غیر ارادی طور‘ پر ایران کی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھیں۔ اس سے پہلے ایران کی بحریہ کے سربراہ نے کہا تھا کہ امریکہ نے ایران سے دو امریکی کشتیوں اور بحری عملے کے دس ارکان کے ایرانی آبی حدود میں داخل ہونے پر معافی طلب کی ہے۔ ایران کے پاسداران انقلاب میں بحریہ کے سربراہ جنرل علی فداوی نے روکے جانے والے امریکیوں کے بارے میں کہا کہ انھیں ’غیر پیشہ وارانہ‘ عمل پر حراست میں لیا گیا ہے لیکن انھوں نے کہا تھا کہ انھیں جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT