Thursday , August 24 2017
Home / سیاسیات / ’بحیثیت ڈی ڈی سی اے سربراہ میں نے کوئی رقم وصول نہیں کیا‘

’بحیثیت ڈی ڈی سی اے سربراہ میں نے کوئی رقم وصول نہیں کیا‘

کجریوال پر غلط بیانات دینے کا الزام، دہلی عدالت میں ارون جیٹلی کا بیان قلمبند
نئی دہلی ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج دہلی کی ایک عدالت سے کہا کہ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے اپنی میعاد میں کسی سے کوئی رقم وصول نہیں کی اور الزام عائد کیا کہ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال محض ’’اپنے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص‘‘ کے خلاف سی بی آئی کی تحقیقات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جیٹلی نے الزام عائد کیا کہ کجریوال اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے دیگر پانچ قائدین کمار وشواس، اشوتوش، سنجے سنگھ، راگھوچڈھا اور دیپک باجپائی نے غلط طور پر کہا ہیکہ انہوں (جیٹلی) نے اس وقت کے ڈی ڈی سی اے صدر کی حیثیت سے رقم منتقل کی تھی اور اس کے استفادہ کنندہ تھے۔ وزیرفینانس انتہائی سخت سیکوریٹی کے درمیان اپنا بیان قلمند کروانے کیلئے آج یہاں چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سنجے کھانگوال کے اجلاس پر پہنچے تھے جہاں وہ پہلے ہی اروند کجریوال اور چند دوسروں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرچکے ہیں، جس میں الزام عائد کیا گیا ہیکہ کجریوال اور ان کے چند ساتھیوں نے ان کے اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف جھوٹے اور توہین آمیز بیانات دیئے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ کجریوال کا یہ بیان غلط ہیکہ انہوں (جیٹلی) نے بحیثیت ڈی ڈی سی اے سربراہ اپنی میعاد میں فیروزشاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کی تعمیر کے موقع پر رقم وصول کیا تھا۔ جیٹلی نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کے کاموں کی نگرانی کیلئے بورڈ آف ڈائرکٹرس نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کے وہ رکن نہیں تھے۔ جیٹلی کے علاوہ سینئر جرنلسٹ رجت شرما نے بھی اپنا بیان قلمبند کروایا جو اس مقدمہ میں شکایت گذارکے گواہ کی حیثیت سے حاضر ہوئے تھے۔ جیٹلی نے 70 منٹ تک قلمبند کروائے گئے اپنے بیان میں 6 ارکان کے ٹوئیٹر اور فیس بک پوسٹس کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ حتیٰ کہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کئے جانے کے بعد بھی انہوں نے یہ بیان جاری کیا جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ جیٹلی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ عآپ کے ان قائدین نے ان کے اور ارکان خاندان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے ہیں، جس سے عوام میں ان (جیٹلی) کا وقار مجروح ہوا ہے۔
امیت شاہ کی آج راجستھان کے وزراء سے ملاقات
جئے پور ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ کل یہاں پہلی مرتبہ راجے حکومت کے وزراء سے بات چیت کریں گے، جس پر اپوزیشن کانگریس نے دعویٰ کیا ہیکہ یہ دراصل چیف منسٹر وسندھرا راجے کی تبدیلی کا اشارہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT