Sunday , October 22 2017
Home / دنیا / بحیرہ روم میں کشتی غرقاب، متعدد ہلاک

بحیرہ روم میں کشتی غرقاب، متعدد ہلاک

کلماٹا ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اطلاعات کے مطابق بحیرہ روم میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی اس وقت ڈوب گئی جب انسانی سمگلرز ان افراد کو ایک دوسری کشتی میں منتقل کر رہے تھے۔ اس حادثے میں بچ جانے والے افراد نے یونان کے جنوبی شہر کلماٹا میں بی بی سی کو بتایا کہ اس حادثے میں 41 افراد بچے ہیں جبکہ کشتی میں 500 افراد سوار تھے۔ تاہم اس حادثے کے بارے میں حکام کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ بچ جانے والے افراد میں زیادہ تر کا تعلق مشرقی افریقہ سے ہے۔ دریں اثناء صومالیہ کے وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق اس کشتی میں تقریباً 500 افراد سوار تھے جن میں سے 200 سے 300 صومالی تھے اور ان میں سے زیادہ تر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ’ہمیں صحیح تعداد کا علم نہیں ہے لیکن اندازے کے مطابق 200 سے 300 تھے۔ صحیح تعداد اس لیے معلوم نہیں کہ یہ تمام افراد غیر قانونی طور پر یورپ جا رہے تھے۔‘ اس حادثے کے بارے میں اب تک نہ تو اٹلی اور نہ ہی یونان کی کوسٹ گارڈز نے تصدیق کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT