Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / بدعنوانی معاملہ ۔ اسپین فٹبال فی؛ریشن کے عہدیدار گرفتار

بدعنوانی معاملہ ۔ اسپین فٹبال فی؛ریشن کے عہدیدار گرفتار

میڈریڈ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسپین میں فٹبال کے امور چلانے والی تنظیم اسپین فٹبال فیڈریشن کے صدر اینجل ماریا ولر کو ان کے بیٹے گورکا ولر اور فیڈریشن کے دیگر دو اعلیٰ عہدیداران سمیت کرپشن کے الزام میں فیڈریشن کے دفتر سے گرفتار کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سرکاری وکیل اینٹی کرپشن نے کہا کہ اینجل کو اسپین میں ہونے والے فٹبال میچوں میں غیر مناسب انتظامات کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جن سے ان کے بیٹے کو ذاتی مالی فائدہ حاصل ہوا تھا۔اینجل اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ ہونے کے علاوہ فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سینئر نائب صدر اور یورپی یونین فٹبال اسوسی ایشن (یوئیفا) کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ہسپانوی پولیس کے مطابق چاروں افراد کو فٹبال میچ کے ناماسب انتظام، فنڈز کے غلط استعمال، کرپشن اور جعلی دستاویزات بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تنظیم نے اینجل کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں کا نوٹس لیا، چونکہ یہ ہسپانوی فٹبال کا اندرونی معاملہ ہے لہٰذا فیفا چاہتا ہے کہ اس معاملے کی تفصیلات اسپین فٹبال فیڈریشن سے ہی طلب کی جائیں۔اسپین میں کھیلوں کی اعلیٰ کونسل کی شکایت پر پولیس نے 2016 کے اوائل میں ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ اسپین فٹبال فیڈریشن کے صدر نے ٹیم کے جو بین الاقوامی مقابلے منعقد کئے ان سے ان کے بیٹے کو ذاتی کاروباری اور مالی فوائد حاصل ہوئے۔مذکورہ افراد کی گرفتاری کے بعد اسپین کے وزیر کھیل، ثقافت اور تعلیم انیگو مینڈیز ڈی ویگو نے ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپین میں قانون کی بالادستی ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے جبکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ تنظیم اینجل ماریا ولر اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کی خبروں کے حوالے سے واقف ہے تاہم اس وقت اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔یاد رہے کہ فٹبال کے سابق کھلاڑی 67 سالہ اینجل 1988 سے اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کے اس دور میں اسپین کی ٹیم 2010 میں فٹبال کا عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ 2008 اور 2012 میں اسپین کی ٹیم یورپی کپ بھی اپنے نام کر چکی ہے۔اینجل عالمی اور یورپی سطح پر فٹبال کی سیاست میں ملوث رہے ہیں جبکہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے الزامات کی زد میں آنے والے فٹبال کے عالمی رہنماؤں کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT