Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / بدنام زمانہ عادی مجرمین کی پانچ رکنی ٹولی گرفتار

بدنام زمانہ عادی مجرمین کی پانچ رکنی ٹولی گرفتار

تین ارکان پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل منتقل ، ڈی سی پی ساوتھ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /25 اگست (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے بدنام زمانہ 5 عادی مجرمین بشمول اترپردیش کی خطرناک سارقین کی ٹولی بواریا گینگ کے تین ارکان کو پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ بواریا ٹولی کا تعلق اترپردیش اور ہریانہ سے ہے اور دونوں شہروں میں رہزنی کی وارداتوں ، ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث پائی گئی ہے ۔ سابق میں چھتری ناکہ ، چارمینار ، گوپالا پورم اور کاچی گوڑہ علاقہ میں بواریا ٹولی نے توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹنے کی وارداتیں انجام دی ہیں جس کے نتیجہ میں ان کی غیرقانونی سرگرمیوں سے عوام خوف زدہ ہے ۔ ساؤتھ زون پولیس نے خطرناک مجرمین کی ٹولی کی سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے ان پر پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قوانین کا استعمال کرتے ہوئے انہیں طویل عرصہ کیلئے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا جسے حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر نے احکامات جاری کئے ۔ مسٹر ستیہ نارائینا نے بتایا کہ چارمینار پولیس کی جانب سے جاریہ سال جولائی میں گرفتار بواریا ٹولی کے تین ارکان 45 سالہ گوپال عرف بھینسہ ، 24 سالہ اشوک کمار اور 42 سالہ جگدیش عرف مودی متوطن اترپردیش پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ مزید دو عادی سارقین کے خلاف بھی پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے جن میں چندرائن گٹہ ، بنڈلہ گوڑہ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ محمد فیروز شامل ہے جو علاقہ چندرائن گٹہ اور دیگر مقامات میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہوکر عوام کو پریشان کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محمد فیروز رات کے اوقات مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتا تھا اور اسے کئی مرتبہ جیل بھیجنے کا کوئی اثر نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں پولیس نے اس پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا ہے ۔ اسی طرح چارمینار پولیس کی جانب سے سابق میں گرفتار کئے گئے عادی سارق 23 سالہ بھرت کمار شرما کو دوسری مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھرت کمار شرما کو گزشتہ سال /22 جولائی کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور چارمینار پولیس اسٹیشن حدود میں سرقہ کی ایک اور واردات میں ملوث ہونے پر اسے دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا جہاں پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کے احکامات شامل کئے گئے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT