Tuesday , October 24 2017
Home / ہندوستان / ’برائے مہربانی وطن واپس آجائیں ‘

’برائے مہربانی وطن واپس آجائیں ‘

سعودی عرب میں پھنسے ہندوستانی ورکرس سے سشما کی اپیل
نئی دہلی 21 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرخارجہ سشما سوراج نے آج ان ہندوستانی ورکرس سے وطن واپس آجانے کی خواہش کی جو سعودی عرب میں اپنی ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ملازمین اپنے آجرین کے خلاف واجب الادا بقایہ جات کا ادعا دائر کرکے وطن واپس آجائیں تو حکومت ان کی واپسی کے اخراجات برداشت کریگی ۔ سشما سوراج نے اپنے ٹوئیٹس میں کہا کہ ’’ ہندوستانی ورکرس اپنے ادعا جات دائر کریں اور وطن واپس آجائیں۔ ہم آپ کو مفت میں واپس لائیں گے ‘‘ ۔ سوراج نے کہا کہ جب سعودی حکومت ان کمپنیوں کے بقایہ جات ادا کردیگی ہندوستانی ورکرس کے بقایہ جات بھی ادا کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ادعا جات کی یکسوئی کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا اور غیر معینہ مدت کیلئے سعودی عرب ہی میںانتظار کرنا درست نہیں ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں منسٹر آف اسٹیٹ خارجہ وی کے سنگھ کو سعودی عرب روانہ کیا گیا تھا جب ہندوستانی ورکرس نے ان کے مسائل کو سعودی حکام سے رجوع کرنے حکومت ہند کی مداخلت کی خواہش کی تھی ۔ وی کے سنگھ کو یہ مسئلہ حل کرنے گذشتہ ہفتے بھی سعودی عرب روانہ کیا گیا تھا ۔ اس وقت سعودی حکومت نے ملازمتوں سے محروم ہندوستانی ورکرس کے مسائل کو فوری حل کرنے سے اتفاق کیا تھا اور انہیں ہندوستان روانگی کیلئے مفت سہولتیں فراہم کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ حکومت نے ان کے واجب الادا بقایہ جات بھی ادا کرنے سے اتفاق کرلیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT