Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / برطانیہ کو یوروپی یونین سے ممکنہ قربت کا مشورہ

برطانیہ کو یوروپی یونین سے ممکنہ قربت کا مشورہ

ڈیوڈ کیمرون کا بحیثیت وزیراعظم دارالعوام سے وداعی خطاب ، ارکان کا خراج تحسین

لندن۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے سبکدوش وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج کہا کہ یوروپی یونین سے علیحدگی کے بعد کے برطانیہ کو ممکنہ حد تک یوروپی یونین کے ساتھ رہنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ بحیثیت وزیراعظم پارلیمنٹ سے آخری خطاب میں ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ وہ اپنے جانشین کو یہ مشورہ دینا چاہیں گے کہ یوروپ کے ساتھ قریبی تعلقات کے ذریعہ برطانوی تجارت، سکیورٹی اور تعاون کے شعبوں میں موثر خدمت کی جاسکتی ہے۔ ڈیوڈ کیمرون کو اس خطاب کے دوران دارالعوام نے پراثر خراج تحسین ادا کیا۔ انہوں نے بحیثیت وزیراعظم اپنی کامیابیوں اور کارناموں کو بیان کیا اور کہا کہ ان کے چھ سالہ اقتدار کے دوران کئی حیرت انگیز اور چونکا دینے والے لمحات بھی آئے ہیں۔ یوروپی یونین میں برطانیہ کی برقراری کی تائید میں ڈیوڈ کیمرون پرجوش مہم چلائے تھے، لیکن ریفرنڈم میں یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کو اکثریت کی تائید کے بعد انہوں نے اعلان اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے وزیراعظم ہی علیحدگی کے اس عمل سے نمٹیں گے۔ کیمرون نے دارالعوام میں وزیراعظم کے ہفتہ وار سوالات سے بحیثیت وزیراعظم 182 ویں اور آخری مرتبہ کارروائی کا آغاز کیا جس کے اختتام پر ایوان کے تمام ارکان نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر انہیں بھرپور خراج تحسین ادا کیا۔ کیمرون نے اعتراف کیا کہ وزیراعظم کے عہدہ سے سبکدوشی کے بعد وہ عوام کی گرج اور اپوزیشن کی تنقیدوں سے محرومی محسوس کریں گے۔49 سالہ کیمرون نے 2010ء میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا جس پر وہ 6 سال اور 62 دن فائز رہے۔ ڈیوڈ کیمرون کا خاندان وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ سے وسطی لندن کے ایک کرایہ کے گھر کو منتقل ہوجائے گا کیونکہ ناٹنگ ہل میں واقع ان کی رہائش گاہ میں فی الحال کرایہ دار مقیم ہیں۔

حیدرآبادی زعفرانی چکن اور سموسہ
کیمرون کا آخری سرکاری ڈنر
لندن ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ڈیوڈ کیمرون نے بحیثیت وزیراعظم برطانیہ 10 ڈاوننگ اسٹریٹ سرکاری دفتر و رہائش گاہ پر آخری رات کے کھانے میں ہندوستان کی لذیذ اور مسالہ دار ڈشیسپسند کی۔ انہوں نے حیدرآبادی زعفرانی چکن، کشمیری روغن جوش اور سموسے کھائے۔ وسطی لندن میں کیننگٹن تندوری نے کل رات ٹوئیٹ کیا کہ ڈیوڈ کیمرون کو رات کا کھانا بھیجا گیا۔ ان ڈشیسمیں حیدرآبادی زعفرانی چکن، کشمیری روغن جوش، نشیلی گوشت، کے ٹی مکسڈ گرل (بکرا اور چکن)، چکن زلفرازی، ساگ آلو، ساگ پنیر، پالک گوشت، ویج سموسہ، نان روٹی اور چاول کے علاوہ دیگر لوازمات شامل ہیں۔ ریسٹورنٹ کے منیجر ڈاکٹر کوثر حق نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ڈشیس یہاں کے ارکان پارلیمنٹ میں بھی کافی پسند کئے جاتے ہیں۔
تھریسا مے برطانیہ کی نئی وزیراعظم
لندن ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تھریسامے برطانیہ کی مارگریٹ تھیاچر کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم بن گئی ہیں۔ قدامت پسند پارٹی کی 59 سالہ لیڈر کو برطانیہ کے یوروپی یونین سے اخراج کے بعد سخت حالات کا سامنا ہے۔ موجودہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملک کی ترقی کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا اور انہوں نے ملکہ الزیبتھ دوم سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔

TOPPOPULARRECENT