Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / برق رفتار بیٹنگ : آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں عالمی ریکارڈ بنایا

برق رفتار بیٹنگ : آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں عالمی ریکارڈ بنایا

سڈنی ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر آج پاکستان کے خلاف تیز رفتار بیٹنگ کے باوجود عالمی ریکارڈ نہ بنا سکے لیکن تمام بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلین ٹیم نے اننگز کے دوران تیز ترین رن ریٹ کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف جاری تیسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز 32 اوورز کے اختتام پر دو وکٹ کے نقصان پر 241 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی اور یوں انہوں نے فی اوور 7.53 کی اوسط سے رنز بنائے۔ یہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں 100 سے زائد رنز بنانے والی کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ رن ریٹ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے پاس تھا جس نے ہندوستان کے خلاف 83-1982ء میں 25.2 اوورز میں 6.82 کی اوسط سے چھ وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے۔ 2005ء کے کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کے خلاف 50 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر 340 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی اور اس دوران ان کا رن ریٹ 6.80 رہا۔ آسٹریلیائی بیٹسمنوں نے محمد عامر کی خدمات سے محروم پاکستانی بولنگ اٹیک خصوصاً یاسر شاہ کی خوب خبر لی، لیگ اسپنر نے 14 اوورز میں 124 رنز دیئے اور ایک وکٹ لی۔ عامر کو پہلی اننگز میں 83 رنز دینے کے باوجود کوئی کامیابی نہیں ملی تھی۔

TOPPOPULARRECENT