Monday , March 27 2017
Home / ہندوستان / بریلی میں فرقہ وارانہ کشیدگی

بریلی میں فرقہ وارانہ کشیدگی

عرس اعلیٰ حضرت کے موقع پر جلوس نکالنے پر تنازعہ
بریلی۔/25نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) فرید پور پولیس اسٹیشن علاقہ میں آج ایک مذہبی جلوس نکالنے کے مسئلہ پر دو فرقوں میں تصادم کے باعث 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ جھگڑا اسوقت شروع ہوا جب ایک فرقہ نے عرس اعلیٰ حضرت کے موقع پر موضع زید سے بریلی اسکول روڈ ایریا تک جلوس چادر نکالنے پر بضد تھا۔ جبکہ دوسرے فرقہ نے نیا راستہ اختیار کرنے پر اعتراض کیا اور بحث و تکرار کے بعد دونوں فرقوں میں سنگباری ہوگئی جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی اشوتوش کمار ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پنکج یادو اور ایس ایس پی جوگیندر کمار فی الفور وہاں پہنچ گئے اور دونوں فرقوں کو دوسرے راستہ سے جلوس نکالنے پر قائل کروایا۔ بعد ازاں پولیس نے نقض امن کے الزام میں 7افراد کو گرفتار کرلیا اور احتیاطی اقدامات کے طور پر اضافی فورسیس متعین کردی گئی ہے۔
انکاؤنٹر میں ایک فوجی اور 2 عسکریت پسند ہلاک
سرینگر۔/25نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے صلع بنڈی پورہ میں آج انکاؤنٹر میں ایک فوجی جوان اور 2 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ فوجی حکام نے بتایا کہ مخصوص انٹلی جنس کی اطلاع پر سیکوریٹی فورسیس نے بنڈی پورہ کے علاقہ نائیڈ کھائی میں تلاشی مہم شروع کی جس کے دوران عسکریت پسندوں اور سیکوریٹی فورسیس میں تصادم ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں 2 عسکریت پسند اور ایک فوجی جوان ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک عسکریت پسند کی شناخت ان کے گروپ کے وابستگی کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دریں اثناء سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے سوپور سے علاقہ میں عسکریت پسندوں اور سیکوریٹی فورس کے درمیان ایک اور انکاؤنٹر پیش آیا جہاں پر سیکوریٹی فورسیس تلاش مہم میں مصروف تھی اور عسکریت پسندوں کی فائرنگ کا سیکوریٹی فورسیس نے بھی جواب دیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT