Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / برین فنگر پرنٹ ٹکنالوجی حیدرآباد آرہی ہے

برین فنگر پرنٹ ٹکنالوجی حیدرآباد آرہی ہے

حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : دھوکہ فریب کرنے والے اب بچ نہیں سکیں گے ۔ دھوکہ باز ٹولیاں پولیس کی جال میں پھنسیں گی ۔ حیدرآباد پولیس دھوکہ باز عناصر کو پکڑنے کے لیے اب انتہائی عصری ٹکنالوجی استعمال کرے گی ۔ اس طرح عادی مجرمین اب حیدرآباد پولیس کے لیے چیلنج نہیں بن سکیں گے بلکہ ایسے مجرمین اب پولیس کے بچھائے جال میں پھنس جائیں گے ۔ معلوم ہوا ہے کہ سٹی پولیس نے عصری آلات کی خریدی کے آرڈر دئیے ہیں ۔ ان عصری آلات کے ذریعہ جرائم کا پتہ چلانے اور مجرموں کو پکڑنے میں سہولت ہوگی ۔ ان میں سب سے پرکشش اور کارآمد دماغی فنگر پرنٹنگ ٹکنالوجی ہے ، اگرچہ برین فنگر پرنٹنگ پولی گراف ٹسٹ کی طرح ہے لیکن نئے آلات سے زائد از 99 فیصد کامیاب نتائج برآمد ہوں گے ۔ اس کے استعمال سے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو معلوم ہوگا کہ آیا جس شخص پر شبہ کیا جارہا ہے اسے مخصوص واقعہ کا علم ہے یا نہیں ۔ اس کی دماغی لہروں کے ذریعہ پتہ چلایا جائے گا کہ مشتبہ شخص کے نفس کا واقعہ سے تعلق ہے یا نہیں ۔ اس سے یہ ظاہر ہوجائے گا کہ مجرم جھوٹ بول سکتا ہے ۔ لیکن اس کا دماغ جھوٹ نہیں بول سکتا ۔ سٹی پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن اور ایس آئی ٹی نے گذشتہ ہفتہ عصری آلات کی خریدی کے لیے تیس کروڑ روپئے کے آرڈر دئیے ہیں ۔ جس عصری ٹکنالوجی کی خریدی کے آرڈر دئیے گئے ہیں ، ان میں ڈیجیٹل اور موبائل فارنسک اپ گریڈ کیے گئے سافٹ ویر اور ہارڈویر شامل ہیں ۔ ان کی مدد سے مجرم کو بروقت پکڑنے اور کیس کی تیز تر تحقیقات میں مدد ملے گی ۔ توقع ہے کہ یہ عصری ٹکنالوجی حیدرآباد سٹی پولیس کو ایک ماہ کے اندر حاصل ہوجائے گی ۔ اس عصری ٹکنالوجی کے استعمال سے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو دھوکہ دینے کے واقعات ختم ہوجائیں گے اور مجرمین کو پکرنے میں آسانی ہوگی ۔ مشتبہ شخص کا پولی گراف ٹسٹ کرانے کے لیے پولیس کو ضروری ہے کہ عدالت سے اجازت حاصل کرے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ پڑے گی یا تحقیقات کنندے اسے بغیر کسی رکاوٹ کے استعمال کرسکیں گے ۔ معلوم ہوا ہے کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے لیے پولیس عملہ کو خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT