Monday , August 21 2017
Home / عرب دنیا / بشارالاسد پر کوئی قاتلانہ حملہ نہیں ہوا: حکومت کا دعویٰ

بشارالاسد پر کوئی قاتلانہ حملہ نہیں ہوا: حکومت کا دعویٰ

دمشق۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی وزارت اطلاعات نے صدر بشارالاسد پر قاتلانہ حملے کی کوشش سے متعلق خبر کو غلط اور بے بنیاد قراردے دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کی ویب سائٹ ہیک ہوچکی ہے اور اس کے بعد یہ جھوٹی خبر پوسٹ کی گئی تھی۔وزارت اطلاعات نے اپنے فیس بْک صفحے پر یہ اعلان کیا ہے۔اس سے چند گھنٹے قبل وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک خبر پوسٹ کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بشارالاسد زہر خورانی کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کی صحت سخت خراب ہے۔اس کے بعد سے ویب سائٹ پر قارئین کے لیے اطلاعات یا خدمات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ہیکروں کی پوسٹ کی گئی خبر میں یہ تفصیل بتائی گئی تھی کہ صدر بشارالاسد کو کیسے زہر دیا گیا تھا۔اس سے وہ کس طرح خطرناک وبائی مرض کا شکار ہوگئے ہیں اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کررہی ہے۔ایک سرکاری ویب سائٹ پر یہ خبر پوسٹ ہونے کے بعد صدر بشارالاسد کے حامیوں اور مسلح افواج کے درمیان بھی کنفوڑن پھیل گئی تھی۔ پھر وزارت اطلاعات کو اپنے فیس بْک صفحے پر وضاحت کرنا پڑی ہے اور اس نے کہا ہے کہ جن خبروں سے کسی قسم کے نقصان کا اندیشہ ہے،وہ تمام مکمل طور پر غلط ہیں۔وزارت اطلاعات کی ویب سائٹ دمِ تحریر کام نہیں کررہی تھی اور یہ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے کہ وہ کیوں کام نہیں کررہی ہے۔آیا وہ ابھی مرمت کے عمل سے گزر رہی ہے یا اس کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ویب سائٹ کو ہیک کرنے والے شامی باغیوں سے وابستہ ہیں یا وہ کسی غیر ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT