Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / بشارالاسد کا جنگ بندی سے انکار ، دمشق میں لاکھوں عوام پانی سے محروم

بشارالاسد کا جنگ بندی سے انکار ، دمشق میں لاکھوں عوام پانی سے محروم

دمشق ۔9 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) شام کے صدر بشارالاسد نے دارالحکومت دمشق میں پانی کی ضروریات کی تکمیل کرنے والے قریبی علاقہ پر قابض باغیوں کے ساتھ صلح یا جنگ بندی کے امکان کو مسترد کردیا ۔ بشار نے فرانسیسی میڈیا کو آج دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’شامی فوج کا رول اس علاقہ کو آزاد کروانا ہے تاکہ دارالحکومت کو حبس میں مبتلا کرنے سے دہشت گردوں کو باز رکھا جائے‘‘ ۔ وادی برادہ کا علاقہ شامی دارالحکومت کیلئے واحد آبی ذریعہ ہے جہاں باغیوں کیساتھ لڑائی میں انفراسٹرکچر کی تباہی کے سبب لاکھوں عوام کئی ہفتوں سے پانی سے محروم ہیں۔ حکومت کا کہنا ہیکہ ’’فتح الشام‘‘ سے وابستہ جہادی عناصر جو پہلے القاعدہ سے ملحقہ النصرہ فرنٹ کہلائے جاتے تھے اس وادی میں موجود ہیں۔ حکومت نے انھیں 22 ڈسمبر سے دمشق کیلئے پانی کی سربراہی مسدود کرنے کیلئے بھی مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ کلیدی اہمیت کی حامل وادی برادہ میں بشارالاسد کے فورسیس کئی ہفتوں سے باغیوں کیخلاف لڑائی میں مصروف ہیں۔ روس اور ترکی کی مصالحت کے سبب 30 ڈسمبر سے نافذ ملک گیر جنگ بندی کے باوجود اس علاقہ میں گھمسان لڑائی جاری ہے ۔ اسد کا کہنا ہیکہ صلح کی روزمرہ بنیاد پر خلاف ورزی ہورہی ہے بالخصوص دمشق میں امن شکنی کی جارہی ہے کیونکہ دہشت گردوں (اپوزیشن فورسیس) نے وادی برادرہ میں آبی ذریعہ پر قبضہ کرلیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT