Monday , October 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بعثت محمدیﷺ کے بعد انسانیت کو امن

بعثت محمدیﷺ کے بعد انسانیت کو امن

محبوب نگر میں جلسہ رحمت عالمﷺ، پروفیسر عبد المجید کا خطاب
محبوب نگر /10 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ سے ہمہ رخی تربیت و نصیحت حاصل کی جاسکتی ہے۔ بعثت محمدیﷺ کے بعد ہی انسانیت کو امن نصیب ہوا۔ ساری دنیا میں خواتین کی عصمت و عزت کی حفاظت ممکن ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار جناب عبد المجید پروفیسر دکن انجینئرنگ کالج و ناظم علاقہ جماعت اسلامی ہند جنوبی تلنگانہ نے مسجد عباد الرحمن میں جلسہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام جماعت اسلامی محبوب نگر نے کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آپﷺ کے دنیا میں تشریف لانے کے بعد یتیموں اور ضرورت مندوں کو مدد، مظلوموں کو انصاف، غلاموں اور بچھڑے ہوؤں کو ان کا حق ملا۔ انھوں نے کہا کہ آج کا سب سے اہم معجزہ قرآن مجید ہے، جو تاقیامت سارے عالم کے لئے سرچشمہ ہدایت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آج امت مسلمہ اس کو تھام کر متحد اور منظم ہو جائے تو ساری دنیا ان کے قدموں میں ہوگی۔ مولانا محبوب شریف نظامی نے کہا کہ دعوت دین ہمارا منصب ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبارکہ میں اسی مقصد کے پیش نظر مصائب و مشکلات کا سامنا صبر و استقامت کے ساتھ کیا اور سارے عالم کو رحمت و شفقت کا درس دیا، آج امت مسلمہ کو بھی ان تمام کاموں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ جلسہ کے افتتاحی کلمات میں اسوہ محمدیﷺ کی اہمیت پر شیخ شجاعت علی امیر مقامی محبوب نگر نے روشنی ڈالی، جب کہ نظامت کے فرائض جناب منظور حسین نے انجام دیئے۔

TOPPOPULARRECENT