Tuesday , September 19 2017
Home / عرب دنیا / بغداد میں طاقتور ٹرک بم دھماکہ، 60 ہلاک

بغداد میں طاقتور ٹرک بم دھماکہ، 60 ہلاک

مقام دھماکہ پر انسانی جسموں کے اعضاء بکھرے پڑے ہیں، سینکڑوں زخمی
بغداد۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بغداد کی مشہور فوڈ مارکٹ میں طاقتور دھماکو اشیاء سے لدے ہوئے ٹرک کو اُڑا دیا گیا جس میں 60 افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ آج صبح کے اوقات میں مارکٹ کے اندر زوردار دھماکہ ہوا۔ یہ علاقہ مصروف ترین سمجھا جاتا ہے۔ عراق کے دارالحکومت کے گنجان آبادی والے شہر صدر سٹی میں جمیلہ مارکٹ کے اندر ٹرک دھماکہ کیا گیا۔ حملے میں زائد از 89 افراد زخمی ہوئے۔ پڑوسی علاقوں سے عوام کی کثیر تعداد دھماکہ کی آواز سن کر یہاں پہونچی اور زخمیوں کی مدد کی۔ زخمیوں کو ایمبولنس اور ذاتی کاروں میں دواخانہ لایا گیا۔ آگ بجھانے والی گاڑیوں اور ایمبولنس کو مارکٹ کی جانب تیزی سے آتے ہوئے دیکھا گیا۔ آتش فرو عملہ نے کامپلیکس میں دھماکہ کے بعد لگنے والی آگ بجھانے کی کوشش کی۔ جمعرات کے دن مارکٹ میں خاص کر خریداروں کا کثیر ہجوم رہتا ہے۔ اس مارکٹ کو دیگر صوبوں سے بھی لوگ خریداری کے لئے آتے ہیں تاکہ ہفتہ کے آخری ایام میں غذا کا ذخیرہ کرسکیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ جس ٹرک کے ذریعہ دھماکہ کیا گیا، دراصل یہ ریفریجریشن ٹرک تھا۔ اس لئے یہ اندازہ نہیں کیا گیا کہ ٹرک میں دھماکو اشیاء تھے۔ دواخانہ کے چار ڈاکٹروں نے توثیق کی ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 60 ہے۔ دھماکہ کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی، البتہ دولت اسلامیہ کے دہشت گرد عام طور پر فوجی چیک پوائنٹس یا شیعہ غلبہ والے علاقوں میں دھماکے کرتے ہیں۔ دارالحکومت بغداد میں حملے معمول کی بات ہے۔ عراق کے ایک تہائی حصہ پر داعش کا قبضہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT