Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / بقا کی جنگ میں مصروف ہندوستان کا آج پاکستان سے مقابلہ

بقا کی جنگ میں مصروف ہندوستان کا آج پاکستان سے مقابلہ

ورلڈ کپ کی تاریخ میزبان اور ایڈن گارڈنس کے ریکارڈ مہمان ٹیم کے حق میں ، مقابلہ کا آغاز 7:30 بجے

کولکاتہ ۔ 18 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف حیران کن شکست کے بعد میزبان ہندوستانی ٹیم کو ٹورنمنٹ میں باقی رہنے کیلئے کل کٹر حریف پاکستان کے خلاف تاریخی میدان ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی ضروری ہے ۔ آئی سی سی کے کسی بھی ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم کو پاکستان کے خلاف شکست نہیں ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب ایڈن گارڈن پاکستان کیلئے ایک خوش قسمت گراؤنڈ ہے جہاں محدود اوور کے چار مقابلوں میں اس نے ہندوستان کو 4-0 سے شکست دے رکھی ہے ۔ کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں پاکستان کی بہ نسبت ہندوستان پر دباؤ اس لئے رہے گا کیونکہ شکست کا مطلب ٹورنمنٹ کے ابتدائی مرحلے سے اس کا اخراج عملاً ہوجائیگا ۔ ایشیاء کپ میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل ضرور کی ہے لیکن پاکستانی ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عامر نے میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو کافی پریشان کیا۔ ایڈن گارڈن کی وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے اور ہندوستانی ٹیم کے اوپنرس روہت شرما ، شکھر دھون کے علاوہ نمبر تین پر ویراٹ کوہلی ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کیلئے اس مقابلے میں حریف ٹیم کی بنسبت کم دباؤ رہے گا کیونکہ اس نے ابتدائی مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے جس میں کپتان شاہد آفریدی کے 19 گیندوں میں 49 رنز اور 27 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے حصول کا مظاہرہ ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے کافی ہے کیونکہ اس مظاہرے کے دوران آفریدی نے خود کو بیٹنگ کیلئے اوپر لایا تھا ۔

پاکستانی ٹیم کے بولنگ شعبہ میں محمد عامر کے علاوہ محمد عرفان اور وہاب ریاض دونوں ہی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں لیکن ویراٹ کوہلی کے خلاف وہ ایشیاء کپ کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہوپائے تھے ۔ پاکستانی اسپن شعبہ میں عماد وسیم کی موجودگی سے ٹیم انتظامیہ کو اُمیدیں وابستہ ہیں کیونکہ انھوں نے سری لنکا کے خلاف وارم اپ مقابلے میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے ۔ ہندوستانی بولنگ شعبہ میں آشیش نہرا جوکہ اپنے ابتدائی اوورس میں ہی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کررہے ہیں ان کا پاکستانی اوپنرس شرجیل خان اور احمد شہزاد کے علاوہ محمد حفیظ کے خلاف مظاہرہ میزبان ٹیم کیلئے اہمیت کا حامل ہوگا ۔ ایڈن گارڈن کی وکٹ چونکہ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے لہذا ہند۔پاک مقابلہ ہمالیائی اسکور کا ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT