Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / بلاوقفہ معیاری برقی سربراہی کی کوشش

بلاوقفہ معیاری برقی سربراہی کی کوشش

پرانا شہر حیدرآباد کیلئے 6 نئے سب اسٹیشن کی منظوری
حیدرآباد۔ 18اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقوں میں برقی سربراہی کو بہتر بنانے اور بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کیلئے6 نئے سب اسٹیشن کو منظوری دے دی گئی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹربیوشن کمپنی لمیٹڈ نے ان نئے سب اسٹیشن کیلئے 50کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور بہت جلد ان نئے سب اسٹیشن کی تعمیر کیلئے کنٹراکٹ ٹنڈر کی وصولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سپرٹنڈنگ انجینئر ساؤتھ سرکل مسٹر ٹی آنند نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر کے علاقوں میں برقی منقطع ہونے کی شکایات میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ان شکایات کو مکمل طور پر دور کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ علاقہ میں نئے سب اسٹیشن قائم کئے جائیں ۔ حیدرآباد کے علاقہ ساؤتھ سرکل میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران صرف ایک نئے سب اسٹیشن کو منظوری دی گئی تھی لیکن پرانے شہر میں تیزی سے بڑھتی طلب کو دیکھتے ہوئے آئندہ 6-7ماہ کے دوران 6نئے برقی سب اسٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں روزانہ برقی سربراہی میں خلل معمول بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود مسئلہ کا حل دریافت نہ ہونے کے متعلق عہدیداروں کا ادعا ہے کہ طلب میں ہوئے اچانک اضافہ کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ عہدیداروں کے اس ادعا کوتسلیم کیا جائے تو ایسی صورت میں آئندہ چند یوم میں طلب مزید بڑھے گی اور ماہ مئی کی شدید گرمی کے فوری بعد ماہ رمضان کی آمد ہوگی ‘ ماہ رمضان میں بھی برقی کی طلب میں زبردست اضافہ ہوتا ہے اس اضافہ سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات ناگزیر تصور کئے جا رہے ہیں۔ ساؤتھ سرکل کے جن علاقوں میں نئے سب اسٹیشن کو منظوری دی گئی ہے ان میں بہادر پورہ‘ سعیدآباد ‘ مادناپیٹ ‘ چھتری ناکہ ‘ تیگل گوڑہ ‘ اور موسی رام باغ شامل ہیں۔ پرانے شہر میں صبح کی اولین ساعتوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کے سبب عوام کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر موسم گرما اور ماہ رمضان کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کریںگے۔
تاکہ عوام کو برقی سربراہی میں خلل کی شکایات سے بچایا جا سکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کو فاضل برقی پیداوار والی ریاست کی فہرست میں شامل کروانے کی کوشش میں ہے لیکن پرانے شہر کے عوام روزانہ 3-4گھنٹے برقی منقطع کئے جانے کے سبب گرمی سے بدحال ہونے لگے ہیں۔ عوام کو گرمی سے راحت پہنچانے کیلئے حکومت کچھ کر سکے یا نہ کر سکے لیکن بلا وقفہ برقی سربراہی کے ذریعہ کچھ تکالیف کو دور کرنے میں اعانت کر سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT