Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / بلدیات ورنگل، کھمم اور گرام پنچایت اچم پیٹ پر ٹی آر ایس کا قبضہ

بلدیات ورنگل، کھمم اور گرام پنچایت اچم پیٹ پر ٹی آر ایس کا قبضہ

ٹی آر ایس کی تاریخ ساز کامیابیوں کا سلسلہ جاری، ورنگل میں کانگریس کو صرف 4اور کھمم میں 10نشستیں ، تلگودیشم کا عملاً صفایا

ورنگل میں 4 ، کھمم میں 4 مسلم امیدوار کامیاب

حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اپنی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حکمراں ٹی آر ایس نے آج ورنگل ، کھمم بلدیات کے علاوہ ضلع محبوب نگر کے اچم پیٹ گرام پنچایت انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی اور تلگودیشم کا صفایا ہوگیا ہے۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن میں جو حیدرآباد کے بعد تلنگانہ کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے ٹی آر ایس کو 44وارڈس میں کامیابی ملی ہے۔ یہاں جملہ 58 وارڈس ہیں اور 8پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ کانگریس کو 4اور بی جے پی اور سی پی آئی ایم کو ایک ، ایک نشست حاصل ہوئی۔ کھمم میونسپل کارپوریشن میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے نامزد ارکان نے کامیابی کا جھنڈا لہرایاہے۔ 50وارڈس کے منجملہ 34پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہے۔ اصل اپوزیشن کانگریس کو 10وارڈس میں کامیابی ملی ہے۔ سی پی آئی، سی پی آئی ایم اور وائی ایس آر کانگریس کو دو، دو وارڈس پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کھمم میں وائی ایس آر کانگریس کے پی سرینواس ریڈی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ تین بلدیات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کے بعد تلنگانہ میں پارٹی کو زبردست مقبولیت حاصل ہوگئی ہے۔ ورنگل میںٹی آر ایس کی جانب سے پانچمسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا تھا جن میں سے 4 نے کامیابی حاصل کی۔ ڈیویژن نمبر 41 سے محمد سراج الدین نے اپنے حریف آزاد امیدوار کے پربھاکر کو 765 کی اکثریت سے شکست دی۔ محمد سراج الدین کو 2728 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ پربھاکر کو 1963ووٹ حاصل ہوئے۔ ڈیویژن نمبر 36 درگاہ قاضی پیٹ سے ٹی آر ایس امیدوار محمد ابوبکر نے بی جے پی امیدوار رام لنگم کو 1964 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی۔ ابوبکر ٹی آر ایس نے 2803ووٹ حاصل کئے

جبکہ بی جے پی نے 839 ووٹ حاصل کئے۔ کانگریس امیدوار تیسرے مقام پر رہے۔ ڈیویژن نمبر 31سے ٹی آر ایس امیدوار صوبیہ صباحت نے کانگریس امیدوار ٹوٹا وجیا پر 78ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ صوبیہ نے 2799 ووٹ حاصل کئے جبکہ کانگریس امیدوار 2721، بی جے پی کی رما دیوی نے 1126حاصل کئے۔ بلدی ڈیویژن 25 سے ٹی آر ایس امیدوارہ صادقہ شمیم ( زوجہ سید مسعود ) نے ٹی آر ایس کے باقی آزاد امیدواروں جیاسری کو 1249ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی۔ کانگریس امیدوارہ راحت پروین نے 731 ووٹ حاصل کئے جبکہ کامیاب امیدوارہ صادقہ شمیم 2639 اور آزاد امیدوار 1390 ووٹ حاصل کئے۔ شہر کے اہم علاقہ ایل بی نگر سے ٹی آر ایس امیدوارہ منور النساء کو آزاد امیدوارہ شاردھا جوشی نے 733 ووٹوں سے شکست دی۔ پولنگ کے دوران امیدواروں کے شوہروں کے بیچ جھگڑا ہوا تھا۔ منورالنساء کو مسلم علاقوں سے ہی کم ووٹ ملے جبکہ شاردھا جوشی کو مسلم حلقوں میں زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ محمد سراج الدین نے 41ڈیویژن سے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ اس حلقہ میں صرف 12فیصدی مسلم ووٹ ہیں لیکن انہیں مقامی ایم ایل اے ڈی ونئے بھاسکر کی بھرپور تائید حاصل رہی۔

اس علاقہ میں ٹی آر ایس کے تقریباً بڑے لیڈروں ٹی ہریش راؤ، کے ٹی آر، ڈپٹی چیف منسٹروں کے سری ہری، محمد محمود علی، وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی، ارکان پارلیمنٹ و دیگر نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ کھمم کار پوریشن حلقہ میں کل 50 ڈیویژن ہیں جس میں سے 4مسلمانوں نے کامیابی حاصل کی، جن میں سے 3ٹی۔آر۔ایس پارٹی سے کامیابی حاصل کی،1سی۔پی۔آئی پارٹی سے جیت کر اپنا مقام حاصل کیا، اس موقع سے کھمم کارپوریشن کے پہلے مئیرکی حیثیت سے ڈاکٹر جی پاپا لال ، اور ڈپٹی مئیر کی حیثیت سے 29ڈیویژن کے کار پوریٹر محمدشوکت کی امید کی جارہی ہے۔ ناگرکرنول ڈویژن اچم پیٹ نگرپنچایت  جملہ 20  وارڈکیلئے اس ماہ کے  6تاریخ کو منعقد ہوئے انتخابات کیلئے آج کی گئی رائے شماری میں  ٹی آر ایس نے جملہ 20 وارڈوں میں اکثریت سے جیت حاصل کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے ساریے امید وارں کو ہرانے کیلئے کانگریس ، تلگو دیشم اور بی جے پی کے زیر اہتمام تشکیل کردہ عظیم اتحاد کو شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح  8 بجے سے ریٹرننگ آفیسر آرڈی او ناگرکرنول مسٹر دیویندرریڈی کی زیر نگرانی رائے شماری کی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT